پارلیمانی لیڈرز کی میٹنگ میں جمعہ کو مشترکہ اجلاس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،خورشید شاہ ، وزیراعظم عوام کو اعتماد میں لیں گے،اپوزیشن نے حکومت کو مشورہ دیا ہے دھرنے والوں کونہ چھیڑا جائے چاہے وہ ایک سال تک یہاں بیٹھے رہیں، صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 18 ستمبر 2014 08:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18ستمبر۔2014ء)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پارلیمانی لیڈرز کی میٹنگ میں جمعہ کو مشترکہ اجلاس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم عوام کو اعتماد میں لیں گے۔اپوزیشن نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ دھرنے والوں کونہ چھیڑا جائے چاہے وہ ایک سال تک یہاں بیٹھے رہیں۔بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی لیڈرز کی میٹنگ میں جمعہ کو مشترکہ اجلاس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو وزیراعظم ایوان میں تقریر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے14مرتبہ جبکہ اپوزیشن کے جرگہ نے18مرتبہ مذاکرات کئے ہیں،مگر کوئی راستہ نہیں نکل سکا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے دھرنے دینے والوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کرنے سے حکومت کو منع کیا ہے کیونکہ ان کے پاس انسانی ڈھال ہے،بچے اور عورتیں دھرنوں میں موجود ہیں،ایسا نہ ہوکہ حکومت سختی کرے اور نقصان ہوجائے،دھرنے والوں کی تقریریں،گالیاں اور ملک دشمنی سب دیکھ رہے ہیں،دھرنے والے چاہے ایک سال تک بیٹھے رہیں انہیں بیٹھنے دیا جائے۔