کراچی کی افغان بستی میں پولیس مقابلہ،7 دہشت گرد ہلاک

جمعرات 18 ستمبر 2014 08:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18ستمبر۔2014ء) کراچی کے علاقے سپر ہائی وے پر افغان بستی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد مارے گئے۔ ایڈیشنل آئی جی نے پولیس ٹیم کو 7 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی کے علاقے سپر ہائی وے پر افغان بستی میں سندھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔

افغان بستی میں دہشت گردوں کی اطلاع پر ملیر پولیس اور ریپڈ رسپانس فورس کی جانب سے گھر گھر تلاشی کا عمل جاری تھا کہ تلاشی کے دوران مسلح ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی لیکن جوابی فائرنگ میں 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جس کے بعد ایک گھر میں زوردار دھماکا ہوا جس سے گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ گھر گھر تلاشی کا عمل جاری تھا کہ چند گلیاں چھوڑ کر فائرنگ کے تبادلے میں پولیس نے مزید دو دہشتگرد ہلاک کر دیئے جن کے قبضے سے بال بیرنگ اور دستی بم اور سینکڑوں گولیاں برآمد کر لی گئیں۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق ہلاک دہشت گرد کراچی میں بڑی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ سرچ آپریشن کے دوران افغان بستی کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے تھے۔ پولیس کی جانب سے کامیاب آپریشن پر ایڈیشنل آئی جی نے ٹیم کو سات لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔