انتشار اور انارکی عمران اور قادری کا مشترکہ غیر ملکی ایجنڈا ہے، سعد رفیق، آکسفورڈ کے تعلیم یافتہ عمران خان تہذیب و اخلاق اور ضبط سے عاری ہوچکے ہیں، قومی املاک پر حملہ کرنے والے مسلحہ جتھوں کو نہتے سیاسی کارکن کہنا سیاسی کارکن کی توہین ہے، وفاقی وزیر ریلوے

بدھ 17 ستمبر 2014 09:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آکسفورڈ کے تعلیم یافتہ عمران خان تہذیب و اخلاق اور ضبط سے عاری ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے والا اب ڈی پی او ( DPOs) کے استعفوں پر اتر آیا ہے۔ انتشار اور انارکی عمران اور قادری کا مشترکہ غیر ملکی ایجنڈا ہے۔ عمران اور قادری مصنوعی بحران پیدا کر کے ملک کے دارالحکومت میں افراتفری پھیلا رہے ہیں۔

قومی املاک پر حملہ کرنے والے مسلحہ جتھوں کو نہتے سیاسی کارکن کہنا سیاسی کارکن کی توہین ہے۔ سرکاری عمارات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کروانے والے دھرنا لیڈر وطن دشمنوں کے مفادات کی تکمیل کر رہے ہیں۔ عوام کو ٹیکسوں کی ادائیگی سے روکنا، ڈنڈے کے زور پر حکومتیں گرانے کی کوشش کرنا، پارلیمنٹ، عدلیہ اور افواج کی تضحیک کرنا ، قومی سا لمیت کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس کے مناصب کو غیر شائستہ انداز میں مخاطب کر کے کس کا دل ٹھنڈا کیا جارہا ہے؟دھرنوں کے ذریعے ریاستی اداروں کو آپس میں لڑانے کی سازش کی جڑیں پاکستان سے باہر ہیں۔

مصنوعی ایجی ٹیشن برپا کرواکے پاکستان کوآگے بڑھنے سے روکا جارہا ہے۔ پاکستان کو نیوکلیئر پاور بنانے کی سزا کاٹ چکے ۔ پاکستان کو اکنامک پاور بنانے کی کوشش کرنے کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔

دھرنوں پر روزانہ خرچ کیے جانے والے کروڑوں روپے کدھر سے آرہے ہیں؟ قوم حساب مانگتی ہے ،چینی صدر کا دورہ ٴ پاکستان رکوانا پاکستان کے دُشمنوں کا ایجنڈا ہے۔ دھرنے اور چینی سرمایہ کاری میں رکاوٹ ڈالنا ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ قومی املاک پر حملے روکنے کیلئے پولیس کے جوابی ایکشن پر وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے خلاف مقدمے کے اندراج کا حکم حکومت کی رٹ کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔

سانحہ ٴ ماڈل ٹاوٴن میں عوامی تحریک کے خلاف لاہور پولیس کی درج شدہ ایف آئی آر غلط تھی۔ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے خلاف ماڈل ٹاوٴن واقعہ کی ایف آئی آر کے اندراج کے حکم پر شدید تحفظات کے باوجود اپنے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کروایا۔ خیبر پختونخوا کے لاکھوں IDPs پنجاب آزاد کشمیر اور سندھ کے بے خانماں /سیلاب زدگان دھرنے والوں کی بے حسی پر ماتم کناں ہیں۔ حکومت کی جانب سے آخری حد تک لچک دکھانے کے باوجود عمران اور قادری پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ عمران اور قادری ضد ، انااور جھگڑے کی سیاست کو ملک کے مفاد میں خیرآباد کہہ کر واپس لوٹ آئیں۔دھرنوں سے عہدہ برآ ہونے کا حتمی فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔