افغان حکومت کا الزام مسترد، ہمارے خفیہ ادارے دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث نہیں، پاکستان ،پاکستان اپنی سرزمین کوکسی بھی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا ، بے بنیاد اور باہمی تعلقات کیلئے سودمند نہیں،دہشت گردی کا مقابلہ باہمی تعاون سے ہی کیا جاسکتاہے، دہشتگردی کے بلاامتیاز خاتمے کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار ضرب عضب کے جاری آپریشن سے ہوتاہے افغان حکام کی جانب سے بھی ایسے ہی اقدامات کیے جائیں، ترجمان دفتر خارجہ

بدھ 17 ستمبر 2014 09:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17ستمبر۔2014ء ) پاکستان نے افغانستان کی جانب سے عائد کردہ حالیہ الزامات کو بے بنیاد اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی خفیہ ادارے دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث نہیں، دہشت گردی کے خطرے کا مقابلہ باہمی تعاون سے ہی کیا جاسکتاہے، الزام تراشی سے گریز کیا جائے۔ بے بنیاد الزامات باہمی تعلقات کیلئے سودمند نہیں ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اپنے اس عزم پر سختی سے کاربند ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔انہوں نے کہا تاہم پاکستان اس بات پر یقین رکھتاہے کہ دہشت گردی کے خطرے کا مقابلہ باہمی تعاون سے ہی کیا جاسکتاہے۔

ترجمان نے کہا کہ دہشتگردی کے بلاامتیاز خاتمے کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار ضرب عضب کے جاری آپریشن سے ہوتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ سرحد کے دوسری طرف افغان حکام کی جانب سے بھی ایسے ہی اقدامات کیے جائیں۔ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ اور افغانستان میں پناہ لینے والے پاکستان کے عناصر کو پاکستان کے حوالے کرنا اس سمت میں پہلا اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ افغانستان ' پاکستان کے ساتھ تعاون پر مبنی دوستانہ اور اچھے پڑوسیوں جیسے تعلقات کے طویل المدت مفادات کیلئے دہشت گردی کے خلاف ضروری اقدامات کرتے ہوئے مثبت رویے کا اظہار کرے گا۔

ترجمان نے کہا کہ ہماری طرف سے بارہا اس بات پر زور دیا جاچکا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کوکسی بھی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا نہ ہی ہم کسی کو پاکستانی قوانین کی خلاف ورزی کرنے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کو متاثر کرنے کی اجازت دے سکتے ہیں