اسلام آباد، انسداد دہشتگردی خصوصی عدالت میں عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے 102سے زائد کارکنان کی پچاس پچاس ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور

منگل 16 ستمبر 2014 09:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16ستمبر۔2014ء) انسداد دہشتگردی اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے 102سے زائد کارکنان کی پچاس پچاس ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کر لی ہیں جبکہ ملزمان کے وکیل کے مطابق پولیس کی جانب سے کسی بھی ملزم کی شناخت کے لئے شناخت پریڈ نہیں کی گئی اور نہ ہی گرفتار افراد میں سے کسی سے اسلحہ برآمد ہوا ہے ۔

پیر کے روز انسداد دہشتگردی اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں وفاقی پولیس کے مختلف تھانوں کی جانب گرفتار کیے گئے عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے 102کارکنان کو پیش کیا گیا ۔عدالت کو بتایا کہ گیا کہ ملزمان کو پارلیمنٹ ہاوٴس اور پی ٹی وی پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے تاہم عدالت نے ملزمان کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا اور پولیس کی سرزنش کرتے ہوئے فاضل جج نے قرار دیا کہ بغیر تحقیق آپ اپنی مرضی سے کسی پر دہشتگردی کا مقدمہ درج نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

ملزمان پر پولیس کی جانب سے انسداد دہشتگردی کی دفعہ 7اے ٹی اے کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملزمان کے وکیل نعیم گجر کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملزم سے اسلحہ یا ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اسے دہشتگردی کا مرتکب قرار دیا جائے ۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان کی شناخت پریڈ بھی نہیں کی گئی جو قانونی طور پر غلط ہے۔