عمران خان کی جانب سے پارٹی کارکنوں کوزبردستی چھڑوانے پر ردعمل کاآغاز،آئی جی اسلام آبادکے حکم پر شہر کے تمام داخلی اورخارجی راستوں،باالخصوص ریڈزون کے راستوں پر تحریک انصاف کے کارکنان کے خلاف کریک ڈاوٴن شروع ،سینکڑوں کارکنان کوگرفتارکرکے مختلف تھانوں میں بندکردیاگیا، دفعہ 144کی خلاف ورزی پرمقدمات قائم

منگل 16 ستمبر 2014 09:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16ستمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان کی جانب سے گزشتہ روزپارٹی کارکنوں کوزبردستی چھڑوانے کے ردعمل کاآغازہوگیا،آئی جی اسلام آبادکے حکم پراسلام آبادکے تمام داخلی اورخارجی راستوں اورباالخصوص ریڈزون کے آنے جانے والے راستوں پروفاقی پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنان کے خلاف کریک ڈاوٴن شروع کردیاہے ،رات گئے اسلام آبادپولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنان کوگرفتارکرکے اسلام آبادکے مختلف تھانوں میں بندکردیاگیاہے اوران کے خلاف دفعہ 144کی خلاف ورزی پرمقدمات قائم کئے گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق اتواراورپیرکی آخری شب عمران خان کی جانب سے تھانہ بنی گالہ سے پی ٹی آئی کے کارکنان کوزبردستی چھڑوانے پروفاقی پولیس کے اعلیٰ حکام نے سخت ردعمل کااظہارکیاہے اوراس حوالے سے نئی حکمت عملی ترتیب دیدی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آبادکی ہدایت پرجہاں ایک طرف عمران خان کے خلاف پولیس اہلکاروں اورتھانے پردھاوابولنے کے خلاف مقدمہ درج کیاگیاہے تووہیں دوسری جانب پیرکی رات سے تحریک انصاف کے کارکنان کے خلاف بڑے پیمانے پرکریک ڈاوٴن شروع کیاگیاہے اوراس باراس کادائرہ کاراسلام آبادکے تمام داخلی وخارجی راستوں پربڑھایاگیاہے جہاں وفاقی پولیس اورپنجاب پولیس کے جوانوں کورات دس بجے کے بعدخصوصی طورپراس مقصدکیلئے تعینات کیاگیاتھاوہ پی ٹی آئی کے ان کارکنان کوگرفتارکریں جوآزادی دھرنے میں شرکت کیلئے آجارہے تھے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ سیکرٹریٹ ،تھانہ مارگلہ ،تھانہ ترنول ،تھانہ سبزی منڈی ،تھانہ شہزادٹاوٴن ،تھانہ انڈسٹریل ،تھانہ کورال ،تھانہ سہالہ ،تھانہ کوہساراورتھانہ آبپارہ میں پیرکی شب تحریک انصاف کے گرفتارکارکنان کومنتقل کیاگیاہے جن کی تعدادسینکڑوں میں بتائی گئی ہے اورگرفتارکارکنان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے گئے ہیں ۔