طاہر القادری لوگوں کے کرنسی نوٹ ضائع کرانا چاہتے ہیں، پرویز رشید، طاہر القادری کینیڈا کی کرنسی پر نعرے لکھیں اور پھر کیش کرائیں،کرنسی نوٹ پر کوئی تحریر لکھنے کے خلاف باقاعدہ قانون موجود ہے،ردعمل کا اظہار

پیر 15 ستمبر 2014 09:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15ستمبر۔2014ء)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ طاہر القادری کینیڈا کی کرنسی پر نعرے لکھیں اور پھر کیش کرائیں،کرنسی نوٹ پر کوئی تحریر لکھنے کے خلاف باقاعدہ قانون موجود ہے،طاہر القادری صاحب لوگوں کے کرنسی نوٹ ضائع کرانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات نے ڈاکٹر طاہر القادری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرنسی نوٹ پر کوئی تحریر لکھنے کے خلاف باقاعدہ قانون موجود ہے۔

قانون کی نظر میں تحریر شدہ نوٹ جعلی تصور ہوتا ہے۔ تحریر شدہ نوٹ بینک میں جمع نہیں ہو سکے گا اور ایسے کرنسی نوٹ کی حیثیت صفر ہو جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ کرنسی نوٹ پر لکھنا جرم ہے۔ طاہر القادری جرم کا ارتکاب کرانا چاہتے ہیں۔ طاہر القادری بینکوں سے اپنے کروڑوں روپے نکلوا کر ان پر تحریر لکھیں۔ تحریر شدہ اپنے نوٹوں کو دوبارہ بینکوں میں جمع کرائیں اور اپنے لوگوں کے لئے ایک مثال قائم کریں۔