تحریک انصاف نے آزادی مارچ اور دھرنے کیلئے اب تک 49کروڑ روپے کے فنڈز اکٹھے کرلئے ،صرف 27کروڑ روپے گزشتہ چار روز میں اکٹھے کئے گئے

پیر 15 ستمبر 2014 09:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15ستمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف نے اپنے آزادی مارچ اور دھرنے کیلئے اب تک مجموعی طور پر 49کروڑ روپے کے فنڈز اکٹھے کرلئے ہیں اس میں سے 27کروڑ روپے گزشتہ چار روز میں اکٹھے کئے گئے،اس کے بعد اہم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ مزید ایک ماہ تک اس دھرنے کو جاری رکھ سکتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف نے آزادی مارچ شروع کرنے سے قبل 22کروڑ روپے اکٹھے کئے تھے جس میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پارٹی کی صوبائی شاخ کی طرف سے 17کروڑ روپے اور سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے 5کروڑ روپے دئیے تھے۔

ذرائع کے مطابق 13ستمبر کو یوم یکجہتی کے اعلان کے بعد چار روز میں مزید 27کروڑ روپے اکٹھے کئے گئے جس میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے 21کروڑ روپے اور جہانگیر ترین نے 4 کروڑ روپے جمع کرائے اور پارٹی کے اندرون اور بیرون ملک سے حامیوں نے2کروڑ روپے جمع کرائے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پارٹی چےئرمین عمران خان کی طرف سے ون نیشن ڈے کے اعلان کے بعد اکٹھے ہونے والے فنڈز سے اس دھرنے کو مزید ایک ماہ تک چلایا جاسکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ دیگر رہنماؤں نے بھی بھرپور اپنے تعاون کا یقین دلایا ہے۔دوسری جانب 15اگست کو اسلام آباد آنے پر انتظامات انتہائی خراب تھے جس پر چےئرمین عمران خان نے شدید مایوسی کا اظہار کیا اور مارچ کے کوارڈینیٹر سیف اللہ نیازی کو ہٹا کر ان کی جگہ جہانگیر ترین اور علیم خان کو کوارڈینیٹر تعینات کیا گیا جو اب تمام تر انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں اور ان پر عمران خان نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔