عوامی تحریک نے گرفتار کارکنوں کی رہائی تک مذاکرات معطل کر دیئے،گرفتاریاں کر کے حکومت اپنی قبر آپ کھود رہی ہے،جڑواں شہروں کو کنٹینر سٹی میں تبدیل کردیا گیا، ملک کو پولیس سٹیٹ بنایا جارہاہے، رحیق عباسی،سیلاب زدہ علاقوں میں بھی گو نواز گو کے نعرے لگ رہے ہیں، حکمرانوں کیلئے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے،انقلاب دھرنا میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 14 ستمبر 2014 09:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14ستمبر۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک نے گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے پی اے ٹی، ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی کے کارکنان کی رہائی تک مذاکرات معطل کر دیئے ہیں اور عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہاہے کہ گرفتاریاں کر کے حکومت اپنی قبر آپ کھود رہی ہے،جڑواں شہروں کو کنٹینر سٹی میں تبدیل کردیا گیا، ملک کو پولیس سٹیٹ بنایا جارہاہے، حکمران دوغلی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں بھی گو نواز گو کے نعرے لگ رہے ہیں، حکمرانوں کیلئے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے، اوچھے ہتھکنڈے انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتے ۔

ہفتہ کو انقلاب دھرنا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق عباسی نے بلاجوازگرفتایوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان کی گرفتاریاں غیر قانونی غیر آئینی اور جمہوریت کے منافی ہیں۔

(جاری ہے)

پر امن ا حتجاج ہر جماعت اور شہری کاجمہوری حق ہے۔پاکستان عوامی تحریک،تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں کو گرفتار کرنے کے سلسلے کو بند کیاجائے اور گرفتار کارکنوں کو فوری رہاکیا جائے ۔

پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی بلاجوازگرفتاریاں تصادم کی فضاپیداکرنے کی سازش ہے۔کمانڈوز کی زیرنگرانی آپریشن کرنا غیر جمہوری عمل ہے۔اس طرح کے حالات آمریت کے دور میں بھی نہیں ہوئے۔ملک کو پولیس سٹیٹ بنایا جارہا ہے۔راولپنڈی اسلام آباد کو کنٹینر سٹی بنادیا گیا۔عوام کو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔آمریت کی پیداوار حکمران اقتدار کے نشے میں بد مست ہیں اور اپنے ہی عوام پر ظلم و تشدد کررہے ہیں۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے مزید کہاکہ حکمرانوں کی نااہلیوں کے باعث سیلاب سے پورا پنجاب اور ملک کے اکثر علاقے متاثر ہوئے ہیں اور حکمران سیلاب سے متاثرین کی بحالی کی بجائے فقط اپنی کرسی بچانے کی فکر میں لاحق عوامی تحریک، تحریک انصاف اورایم ڈبلیو ایم کے ورکرزکو گرفتار کرنے میں سارازورلگارہے ہیں۔ریاست کی قوت کو اپنے نہتے شہریوں پراستعمال کیا جارہا ہے۔

اس طرح کاتشدد بدترین آمریت کے دور میں بھی نہیں دیکھا گیا۔حکمران دوغلی پالیسی پر عمل پیراہیں۔وزیراعظم کے جلسوں میں گو نوازگو کے نعرے حکمرانوں کے لئے شرم سے ڈوب مرنے کامقام ہے۔اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے انقلاب کاراستہ روکا نہیں جا سکتا۔حکمران غیر جمہوری ہتھکنڈوں کے ذریعے انقلاب کی راہ ہموار کررہے ہیں۔ کارکنوں کی گرفتاریاں کر کے حکومت اپنی قبر آپ کھود رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحری،تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کے تمام کارکنوں کی رہائیوں تک حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔