مصیبت کی گھڑی میں وفاقی و صوبائی حکومت ملکر متاثرین کی مدد کررہی ہے،متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے،وزیر اعظم ، جس طرح دریائے چناب میں بڑا سیلاب آیا ہے اس کی ماضی میں مثال کم ہی ملتی ہے، جب تک مصیبت یہ کی گھڑی ٹل نہیں جاتی ہم آپ کے ساتھ رہیں گے، حکومت کا آپ پر یہ کوئی احسان نہیں بلکہ یہ ہمارا قومی فرض ہے،بھکر محکمہ صحت کی طرف سے قائم میڈیکل ریلیف کیمپ کے معائنہ کے موقع پر گفتگو

اتوار 14 ستمبر 2014 09:29

بھکر ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14ستمبر۔2014ء)مصیبت کی گھڑی میں وفاقی و صوبائی حکومت مل کر متاثرین کی مدد کررہی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔ یہ بات وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ملحقہ ضلع جھنگ میں آنے والے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے ضلع حکومت بھکر محکمہ صحت کی طرف سے چیلے والا میں قائم میڈیکل ریلیف کیمپ کے معائنہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی اس موقع پروفاقی وزیرمملکت پانی وبجلی عابد شیرعلی اورممبران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس قدرتی آفت کا پہلے زیادہ پتہ نہیں چل سکا ، او رجس طرح دریائے چناب میں بڑا سیلاب آیا ہے اس کی ماضی میں مثال کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں داد دیتا ہوں ان لوگوں کے حوصلہ اور قوت برداشت کو جو اس مصیبت کی گھڑی میں بھی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں اور میرے ساتھی اس دکھ کی گھڑی میں آپ کے پاس آئے ہیں او رشہباز شریف پہلے ہی آپ کے پاس آچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح 1992 میں بھی بدترین سیلاب آیا تھا اور اس وقت بھی ہماری حکومت میں عوام کی ہر ممکن امداد کی تھی۔ اور اب بھی آپ لوگ اطمینان رکھیں کہ جب تک مصیبت یہ کی گھڑی ٹل نہیں جاتی ہم آپ کے ساتھ رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا آپ پر یہ کوئی احسان نہیں بلکہ یہ ہمارا قومی فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے ممبران اسمبلی ، ضلعی انتظامیہ ، پولیس ، فوج کے جوانوں اور دیگر محکموں کے لوگ جو متاثرین سیلاب کی بھرپور خدمت میں مصروف ہیں میں ان کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

اور امید کرتا ہوں کہ وہ اسی جوش و جذبہ سے اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے جب تک آپ لوگوں پر سے مصیبت کی یہ گھڑی ٹل نہیں جاتی ۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے سیلاب کے باعث گھر اور فصلیں تباہ ہوئی ہیں یا جن کے مال مویشی مر گئے ہیں حکومت ہر طرح سے آپ لوگوں کی امیدوں کے عین مطابق آپ کی مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرین جب واپس جاکر اپنے تباہ حال گھروں کو دوبارہ بنائیں گے تو اس میں حکومت ان کی مدد میں شامل حال ہوگی۔

قبل ازیں وزیر اعظم محمد نواز شریف نے صوبائی محکمہ صحت بھکر کی طرف سے جھنگ کے متاثرین سیلاب کے لیے چیلے والا میں لگائے گئے فری میڈیکل ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا اور ضلعی محکمہ صحت کی خدمات کو سراہتے ہوئے ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اشرف جاوید کو کاندھے پر تھپکی دیتے ہوئے شاباش دی اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ نے وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مریضوں کے علاج معالجہ کے لیے ہمارے پاس وافر مقدر میں ادویات کا ذخیرہ موجود ہے اور فوری طبی امداد کے لیے ہم نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف پر مشتمل آٹھ ٹیمیں لگا رکھی ہیں اور کسی بھی ایمرجنسی صورت حال سے نمٹنے کے لیے چار ایمبولینسز بھی کیمپ میں موجود ہیں۔

ای ڈی او نے پی ایم کو یہ بھی بتایا کہ کیمپ میں آنے والے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈی او ایچ ڈاکٹر محمد اکرم مبارک ، ڈپٹی ڈی او ایچ ڈاکٹر ندیم رضا، ڈاکٹر شہزادو ، اور ڈاکٹر زین العابدین کے علاوہ پیرا میڈیکل سٹاف بھی موجود تھا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جب تک سیلاب متاثرین کے تمام مسائل حل نہیں ہوجاتے اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھوں گا اور مصیبت کی گھڑی میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر تعاون کررہی ہیں۔

ہفتہ کے روز وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے جھنگ کی تحصیل اٹھارہ ہزاری میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں پر سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لیا جبکہ ڈی سی جھنگ خرم شہزاد نے بھی سیلاب کی تباہ کاریوں پر نواز شریف کو بریفنگ دی اور بتایا کہ سیلاب سے اٹھارہ ہزاری کے 108 دیہات متاثر ہوئے جس کے باعث بڑے پیمانے پر نقصان ہوا بعدازاں نواز شریف نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرر دیا گیا ہے اور سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ مصیبت کی گھڑی میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر مدد کررہی ہیں۔ متاثرین کی مدد کرنا کوئی احسان نہیں بلکہ ہمارا فرض ہے۔ نواز شریف نے سیلاب سے متاثرہ گھروں کی تعمیر کیلئے بھی حکومت کی جانب سے متاثرین کو بھرپور یقین دہانی کرائی کہ سیلاب سے متاثرہ گھروں کی تعمیر کیلئے حکومت بھرپور تعاون کرے گی جبکہ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کے ہمت و حوصلے اور پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں کو بھی سراہا۔