پوری قوم کی خواہش ہے کہ دھرنے ملتوی کر دیے جائیں، اعتزاز احسن، ملک میں اس وقت سیلاب کی صورت حال ہے، رہنما پیپلز پارٹی کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 13 ستمبر 2014 09:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13ستمبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پوری قوم کی خواہش ہے کہ ملک میں سیلاب کے پیش نظر عوامی تحریک اور تحریک انصاف اپنے دھرنے ملتوی کردے۔ جمعہ کو سینئر سیاستدان عبداللہ حسین ہارون کی والدہ کے انتقال پر کراچی میں ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ ملک میں اس وقت سیلاب کی صورت حال ہے اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی اسی لئے ملتوی کیا گیا ہے کہ سینیٹرز اور اراکین قومی اسمبلی اپنے حلقوں میں جائیں اور سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے دریاؤں میں بھی طغیانی آئی ہوئی ہے، عمران خان کو چاہئے کہ وہ خیبر پختونخواہ کے وزیراعلیٰ کو رہا کردیں تاکہ وہ اپنے صوبے میں جا کر عوام کی خدمت کرسکیں۔

(جاری ہے)

چوہدری نثار سے جھگڑے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ دو چوہدریوں کے درمیان سیز فائز اچھا کام ہے۔ جو جمہوریت کے لئے نیک شگون ہے۔ پارلیمنٹ کے اجلاس سے متعلق انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئینی تھا۔ قادری صاحب بہت ساری چیزوں کو غیر آئینی کہتے ہیں، میں اس حوالے سے کچھ نہیں کہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کی حامی ہے۔ ہم پارلیمنٹ اور جمہوریت کی بقاء کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔ مسائل کا حل مذاکرات سے نکلنا چاہئے۔