چینی صدر کا دورہ پاکستان کے عزم کا اظہار ،بہت جلد دوست ملک کا دورہ کرکے وزیراعظم نواز شریف سے ملنا چاہتا ہوں ، پاک چین دوستی سٹریٹیجک اور سدا بہار ہے،پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کیلئے تعاون کرتے رہیں گے،دوشنبے میں سرتاج عزیز سے ملاقات

ہفتہ 13 ستمبر 2014 09:06

دوشنبے(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13ستمبر۔2014ء) چین کے صدر ژی جن پنگ نے دورہ پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بہت جلد دوست ملک کا دورہ کرکے وزیراعظم نواز شریف سے ملنا چاہتے ہیں ،پاکستان اور چین کی دوستی سٹریٹیجک اور سدا بہار ہے،پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کیلئے تعاون کرتے رہیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ”شنگھائی تعاون تنظیم“ کا 14واں اجلاس جاری ہے جس میں پاکستان کی نمائندگی مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کررہے اورانہوں نے چین کے صدر ژی چنگ پنگ سے ملاقات کی چینی صدر نے وزیراعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین کیلئے تہینتی پیغام پہنچایا اور پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی کیلئے نوازشریف حکومت کی کوششوں کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چینی صدر کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی سدا بہار ہے اور جلد پاکستان کا دورہ کر کے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کروں گا۔ انہوں نے پاکستانی سیاسی جماعتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی لیڈرشپ مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور امید ہے کہ موجودہ سیاسی بحران بھی جلد حل ہوجائے گا۔چینی صدر نے کہا کہ پاک چین تعلقات بدلتے ہوئے وقت اور صورت حال میں برقرار ہیں گے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ مضبوط ہونگے ۔

چینی صدر نے پاکستان میں حالیہ سیلابوں کے نتیجے میں جانی ومالی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا یہ پوری چینی قوم مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں ۔اس موقع پر سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ حکومت اور پاکستانی عوام چینی صدر کے دورہ چین کیلئے بے حد شوقین تھے ان کے دورے سے دوطرفہ شاندار تعلقات میں مزید مضبوط ہونگے ۔

واضح رہے کہ چین کے صدر کو رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا جس میں دونوں ممالک نے مختلف معاہدوں پر دستخط کرنا تھے تاہم اسلام آباد میں دھرنوں کے باعث چین کی سیکیورٹی ٹیم نے صدر کو دورہ پاکستان کی کلیئرنس نہیں دی تھی۔ چینی صدر نے کہا کہ جلد پاکستان کے دورے کی خواہش ہے، نومبر میں ایشیاء پیسفک اکنامک کوآپریشن کے اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے۔