وزیر اعظم کی سیلاب متاثرین کی بحالی کے امدادی کام مزید تیز کرنے کی ہدایت،حکومت کی اولین ترجیح متاثرین سیلاب کی بحالی ہے، متاثرین کے گھروں کو ددبارہ آباد کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،محمد نواز شریف، امدادی کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی، جب تک متاثرین کے مسائل مکمل طور پر حل نہیں ہو جاتے وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے،،اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کون حکومت کے خلاف کن بنیاد پر محاذ ارائی کی کوشش کر رہا ہے، باشعور پاکستانی عوام نے ترقی کے دشمنوں کو پہلے کی طرح اب بھی مسترد کر دیا ہے۔ سرگودھا اور چنیوٹ کے دورے کے موقع پر متاثرین سیلاب سے خطاب ،وزیراعظم کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی

ہفتہ 13 ستمبر 2014 09:03

اسلام آباد/بھوانہ/سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13ستمبر۔2014ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے امدادی کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح متاثرین سیلاب کی بحالی ہے، متاثرین کے گھروں کو ددبارہ آباد کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور امدادی کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور جب تک متاثرین کے مسائل مکمل طور پر حل نہیں ہو جاتے وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے،،اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کون حکومت کے خلاف کن بنیاد پر محاذ ارائی کی کوشش کر رہا ہے، باشعور پاکستانی عوام نے ترقی کے دشمنوں کو پہلے کی طرح اب بھی مسترد کر دیا ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز سرگودھا اور چنیوٹ کے دورے کے موقع پر متاثرین سیلاب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی اور وفاقی حکومت مل کر متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب اچانک آیا جس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ متاثرین کی جانب سے ”پاکستان زندہ باد“ کے نعروں کی گونج میں وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی ہمت، جذبے اور صبر کے مظاہرے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین کا بلند جذبہ قابل تحسین ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مشکل وقت میں حکومت متاثرین کے ساتھ ہے اور متاثرین کی مشکلات کے ازالے کے لئے ان کے درمیان موجود ہیں، متاثرین دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ مشکل اور مصیبت کے وقت سیلاب زدگان کا حال پوچھنے اور ان کی مصیبتوں کو کم کرنے کے لئے آئے ہیں۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کو یقین دلایا کہ ان کے نقصانات کو پورا کیا جائے گا، حکومت کے پاس محدود وسائل کے باوجود اس کی اولین ترجیح سیلاب سے متاثرہ افراد کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، اس کار خیر میں حکومت پیچھے نہیں رہے گی، متاثرین کے قدم سے قدم ملا کر چلے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر متاثرین کے اجڑے ہوئے گھروں کو آباد کریں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی دولت پاکستان کے عوام کی ملکیت اور امانت ہے، عوام کی امانت ان پر ہی خرچ کی جائے گی، مشکل کی اس گھڑی میں حکومت متاثرین کے ساتھ ساتھ ہو گی۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک تمام متاثرین کی آباد کاری نہیں ہو جاتی وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے، جن غریبوں کا نقصان ہوا ہے اسے پورا کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت متاثرین کے مسائل حل کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کرے گی، متاثرین کو فصل، مال مویشیوں کا معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ چند دنوں میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لئے دوبارہ دورہ کریں گے۔ انہوں نے چنیوٹ کو آفت زدہ علاقہ قرار دینے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

قبل ازیں سرگودھا میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ سرگودھا کا یہ حلقہ مجھے بہت عزیز ہے۔

اس حلقے سے عوام نے مجھے بھی کامیاب کرایا تھا۔ وزیراعظم نے سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دریا چناب میں بہنے والا آبی ریلا اچانک آیا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے جو نقصان ہوا ہے اسے پورا کرنے کے لئے ہم متاثرین کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اللہ یہاں کا دورہ کر چکے ہیں اور میں بھی آپ کے درمیان موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف مسلسل سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں، وہ خود متاثرین کو ملنے اور ان کی مشکلات دور کرنے کے لئے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اس علاقے میں سیلاب سے متاثرہ گھروں کو دوبارہ تعمیر کرنے کیلئے مدد کریں گے، جن کی فصلیں تباہ ہوئی ہیں انشاء اللہ ان کو بھی معاوضہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے سڑکیں، فصلیں اور مکانات کو پہنچا ہے، ایک نوجوان جاں بحق ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں متاثرین کی مشکلات اور دکھوں کا پورا احساس ہے، ان کی بحالی کا فوری طور پر کام شروع ہو جائے گا، اللہ سے دعا کریں کہ اس قوم کو مشکلات سے نجات عطا فرمائے، ہمارے حالات پر رحم فرمائے، ملک کی ترقی کی توفیق دے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وہ خود بھی علاقے کا دوبارہ دورہ کریں گے اور متاثرین کومعاوضہ ادا کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف کو سرگودھا میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔قبل ازیں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب میں گھیرے متاثرہ افراد کیلئے اپنا تن من دھن نچھاور کردیگی حکومت اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک متاثرین سیلاب کی بحالی کا کام مکمل نہیں ہوجاتا ہے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کی بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائیگا سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ مہینوں کی بجائے دنوں میں لگایا جائے موثر حکمت عملی کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اراکین اسمبلی بھی اپنے اپنے اضلاع میں بحالی کے کاموں میں حکومت کا ساتھ دیں ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے گزشتہ روز سرگودھا کے نواحی چک خانووالہ میں سیلاب سے متاثرہ افراد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ متاثرین کی مکمل بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کیلئے ریلیف کیمپ بنادیئے گئے ہیں جہاں پر متاثرین کو کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت اپنے وسائل استعمال کررہی ہے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ آخری شخص کی بحالی تک حکومت متاثرین کی بحالی کا کام جاری رکھے گی متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تمام محکموں سے ہونیوالے نقصانات کی تفصیل طلب کرلی ہیں انہوں نے کہا کہ سیلاب سے پنجاب کے 10 اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں جہاں پر حکومت ہنگامی بنیادوں پر تمام محکموں کیساتھ ملکر ریلیف کے کام دن رات جاری رکھے ہوئے ہے منتخب اراکین اسمبلی بھی سیلاب زدہ علاقوں میں حکومت کی طرف سے کئے جانیوالے بحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں سیلاب سے ہونیوالے نقصاناتت کا تخمینہ لگانے کیلئے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ تخمینہ کی تفصیلات مہینوں کی بجائے دنوں میں فراہم کی جائے تاکہ جلد از جلد سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کی بحالی کیلئے اقدامات کو شروع کیا جاسکے

وزیر اعظم پاکستان نے متاثرین سے بات چیت کے دوران کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں نواز شریف سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیگا سیلاب زدگان کے گھروں اور زمینوں کے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائیگا جب تک سیلاب زدگان اپنے گھروں کو واپس نہیں چلے جاتے اس وقت تک آرام اور سکھ کا سانس نہیں لونگا آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین کیلئے خوراک‘ ادویات سمیت دیگر بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف کیمپ لگادیئے ہیں جہاں پر ضلعی انتظامیہ 24 گھنٹے دن رات ایک کرکے متاثرین سیلاب کو باہمی سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہی ہے اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو ڈی سی او سرگودھا ثاقب منان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 45 ہزار 673 ایکڑ رقبہ دریائے چناب میں سیلاب سے متاثر ہوا ہے یہاں پر کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان ہوا اب تک 2 ہزار 789 افراد کو مختلف ریسکیو ٹیموں نے محفوظ مقامات پر پہنچایا ہے حالیہ سیلاب سے اب تک اس علاقے کے 35 ہزار کے لگ بھگ افراد متاثر ہوئے ہیں حکومتی سطح پر تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں کشتیوں اور ریسکیو ٹیموں کے ذریعے کھانے پینے کی اشیاء بالخصوص پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ریسکیو ٹیمیں دن رات کام کرنے میں مصروف عمل ہیں اس موقع پر کمشنر سرگودہا ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد آصف ‘ ڈی سی او سر گودہا ثاقب منان‘ ڈی پی او راجہ بشارت محمود ‘ کوآرڈی نیٹر وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ ذکیہ شاہنواز‘ صوبائی وزیر جنگلات ملک آصف بھا ‘ ایم پی اے عبدالرزاق ڈھلوں‘ مناظر علی رانجھا ‘ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری محسن شاہنواز رانجھا ‘ افسران ‘ انتظامیہ ‘ معززین علاقہ او رلوگوں کی کثیر تعدادموجود تھی۔

اس سے پہلے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے بھوآنہ میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی آفت نے اچانک اتنی تباہی برپا کی ہے کہ جس کا تصوربھی نہیں کیا جاسکتا اور مجھے اس بات کی بہت حد خوشی ہے کہ آپ اتنی بڑی مصیبت کا انتہائی صبر و تحمل اور ثابت قدمی سے مقابلہ کررہے ہیں مجھے اس بات پر انتہائی افسوس ہے کہ سیلاب کی اس آفت نے آپ کے گھروں مال مویشیوں اور فضلات کو جو نقصان پہنچایا ہے اس پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس وسائل انتہائی کم ہیں اور ہمارے پاس انتے زیادہ وسائل نہیں ہیں کہ ہم اس آفت کا مقابلہ کرسکیں مگر حکومت پیچھے نہیں ہٹے گی صوبائی اور وفاقی حکومت آپ کو دوبارہ آپ کے پاؤں پر کھڑاکرنے کیلئے چین سے نہیں بیٹھو ں گا اور چند دنوں میں دوبارہ آپ کی خیرو عافیت دریافت کرنے بھوآنہ آؤں گا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں کا ہنگامی بنیادوں پر دورہ کررہے ہیں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے متاثرین کی مدد کیلئے ہر لمحہ کوشاں ہیں اور ہم اس مصیبت کی گھڑی میں متفق اور متحد ہوکر اس آفت کا مقابلہ کریں گے انہوں نے کہا کہ اجڑے ہوئے لوگوں کی دادرسی کیلئے معاوضے دیے جائیں گے پاکستان کی دولت پاکستان کے عوام کی ملکیت ہے اور یہ دولت اس قوم کی امانت اور اسے اس قوم کے ہر مشکل وقت میں استعمال کیا جائے گا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ متاثرین زمینداروں کو بجلی کے جو بل بھیجوائے گئے ہیں ان پر عنقریب مثبت فیصلہ سامنے آئے گا تاکہ زمینداروں کو بہتر ریلیف دیا جاسکے انہوں نے اس موقع پر پاکستان کے مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ہم ایک دوسرے کے کند ھا سے کندھا ملا کر غریب عوام کی جنگ لڑرہے ہیں کہ سیلاب زدگان کی تمام مشکلات کے حل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے حکومت متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا ازالہ کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی سیلاب کی تباہ کاریاں افسوس ناک ہیں انہوں نے اپنے خطاب کے دوران مز ید کہا کہ موجودہ حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ہر سطح پر اقدامات کریگی موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس مصیبت کی گھڑی میں اپنے سیلاب زدہ بھائیوں کی بھر پور معاونت کرنی چاہیے ملک بھر میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کر رہاہوں انہوں نے لگائے گئے میڈیکل کیمپوں کا دورہ بھی کیا ان کے ہمراہ وفاقی وزیر ملکی امور پیر امین الحسنات، ایم پی اے مولانا رحمت اللہ، مولانا الیاس چنیوٹی،ایم این اے غلام محمد لالی، ضلعی صدر مسلم لیگ ن مہر آفتاب احمد ہرل اور جنرل سیکرٹری شیخ نسیم الہٰی کے علاوہ دیگر کارکن بھی ہمراہ تھے۔

انہوں نے مقامی ایم این ایز اور ایم پی ایز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جیسے آپ میرے لیے قیمتی ہیں اسی طریقے سے آپ متاثرین کیلئے بھی اپنی صلاحیتوں اور ہمدردیوں کو برؤے کار لائیں تاکہ سیلاب سے متاثرہ افراد جلد اپنے پاؤں پر کھڑا ہوسکیں اس موقع پر ضلعی لیگی رہنماؤں نے بھی شرکت کی ۔