اقوام متحدہ اور امریکا کی مالی معاونت سے شکیل آفریدی پر فلم کی تیاری،نیشنل جیوگرافک کے نمائندوں نے پاکستان آکر دستاویزی فلم پر کام مکمل کرلیا، ذرائع

جمعہ 12 ستمبر 2014 08:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12ستمبر۔2014ء) امریکا کے لئے اسامہ بن لادن کی مخبری کے لئے ایبٹ آباد میں جعلی پولیو ویکسی نیشن مہم چلانے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی پر فلم تیار کی جا رہی ہے جس کی مالی معاونت اقوام متحدہ اور امریکا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے شکیل آفریدی کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ اقوام متحدہ اور امریکا نے شکیل آفریدی پر دستاویزی فلم بنانے کے لئے بین الاقومی میڈیا اداروں کو فنڈز جاری کر دیئے ہیں، ابتدائی طور پر نیشنل جیوگرافکس کے نمائندوں نے پاکستان آکر اس پر کا م کیا جب کہ دیگر بھی جلد اس پرکام شروع کرنے والے ہیں۔

واضح رہے کہ شکیل آفریدی پر الزام ہے کہ انھوں نے پاکستان مخالف سازشی عناصر اور کالعدم تنظیموں سے روابط قائم کئے اور امریکا کے لئے القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کی مخبری کے لئے جعلی ویکسی نیشن مہم چلائی جس کی وجہ سے پاکستان میں انسداد پولیومہم بری طرح متاثر ہوئی۔