متاثرین کی سیلاب کی امداد کیلئے مخیر حضرات کے ساتھ ساتھ مذہبی سیاسی جماعتوں نے بھی کمر کس لی، متاثرہ علاقوں میں جماعت اسلامی، جماعة الدعوة ، جمعیت علمائے اسلام (ف)، شیعہ علماء کونسل ،تحریک منہاج القرآن اور اہل سنت والجماعت نے امدادی کیمپ لگالئے،مرکزی قیادت نے اپنے کارکنوں کو بلا رنگ و نسل و مذہب امداد دینے کی ہدایات کردیں، متاثرین میں خیمے، کمبل، ادویات اور اشیائے خورو نوش کی تقسیم جاری

جمعہ 12 ستمبر 2014 08:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12ستمبر۔2014ء ) متاثرین کی سیلاب کی امداد کیلئے مخیر حضرات کے ساتھ ساتھ مذہبی سیاسی جماعتوں نے بھی کمر کس لی، متاثرہ علاقوں میں جماعت اسلامی، جماعة الدعوة ، جمعیت علمائے اسلام (ف)، شیعہ علماء کونسل ،تحریک منہاج القرآن اور اہل سنت والجماعت نے امدادی کیمپ لگالئے، مرکزی قیادت نے اپنے کارکنوں کو بلا رنگ و نسل و مذہب امداد دینے کی ہدایات کردیں، متاثرین میں خیمے، کمبل، ادویات اور اشیائے خورو نوش کی تقسیم جاری، مذہبی قیادت نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ سیلاب کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں ۔

پاک سرزمین کو اس وقت ایک اور بڑے سیلاب کا سامنا ہے ایک جانب جہاں بارشوں نے تباہی مچائی وہیں بھارت کی جانب سے چھوڑے ہوئے پانی کے باعث سیلاب کی بپھری لہروں نے آن کی آن میں کئی بستیاں اجاڑ دی ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت لاکھوں متاثرین بے یارو مدد گار کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب ایک مرتبہ پھر پاکستانی قوم نے جذبہ حب الوطنی کے تحت متاثرین کی امداد کیلئے میدان میں اترآئی ہے۔

جہاں مخیر حضرات اور امدادی تنظیمیں حکومت کے ساتھ امدادی کامو ں میں مصروف ہیں وہیں ملک کی بڑی مذہبی و سیاسی جماعتوں نے بھی ریلیف کیمپ لگادیئے ہیں۔ ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایا کہ اس سلسلے میں اب تک امیر جماعت اسلامی سراج الحق، امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید، اہل سنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی متاثرہ علاقوں کا دورہ کرچکے ہیں اور متاثرین میں امداد بھی تقسیم کردی ہے ۔

اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی نے تمام متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ لگادیئے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کی چھتری تلے کام کرنیوالی فلاحی تنظیمیں بھی دن رات کام میں مصروف ہیں درجنوں ایمبولینسں متاثرہ علاقوں میں پہنچادی گئی ہیں ، واٹر بوٹس بھی پہنچائی گئی ہیں اور اب تک کئی ہزار افراد کو امداد فراہم کرچکے ہیں اسی طرح اہل سنت والجماعت کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی کے حکم پر اہل سنت والجماعت نے جھنگ ،فیصل آباد و دیگر علاقوں میں امدادی کیمپ لگادیئے ہیں اور متاثرین کی امداد کی جارہی ہے۔

جماعة الدعوة پاکستان بھی اس سلسلے میں پہلے کی طرح ایک مرتبہ پھر متحرک ہے پروفیسر حافظ سعید متاثرہ علاقوں کاہنگامی دورہ کرچکے ہیں اور انہوں نے جماعة الدعوة کو ہدایت کی ہے متاثرین کی امداد میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔ سیلاب زدگان کی امداد کے حوالے سے جب خبر رساں ادارے نے جماعة الدعوة اسلام آباد کے رہنما آصف خورشید سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ متاثرین سیلاب کیلئے چاول، آٹا و دیگر اشیائے ضروریہ سمیت نقد رقم بھی بھجوائی گئی ہے جبکہ فری میڈیکل کیمپ بھی قائم کردیئے گئے ہیں تاکہ متاثرین کی امداد کی جاسکے ۔

انہوں نے مزید بتایاکہ گجرات ،جھنگ قصور،گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں جماعة الدعوةکی موٹر بوٹس پانی میں پھنسے لوگوں کو نکال رہی ہیں جبکہ ڈاکٹروں کی ٹیمیں بھی 17 مقامات پر میڈیکل کیمپس لگا کر ہزاروں افراد کو طبی امداد فراہم کر رہی ہیں جبکہ 40 ہزار سے زائد افراد کو پکا پکایا کھانا فراہم کرچکے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ مخیر حضرات بھی اس سلسلے میں دل کھول کر متاثرین کی امداد کریں۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) نے بھی اسی سلسلے میں اجلاس میں فیصلہ کیاہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کئے جائینگے اور ہر ممکن ان کی امداد بھی کی جائیگی۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا امجد خان نے ”خبر رساں ادارے“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جے یو آئی ف اپنے دکھی بھائیوں کے ساتھ ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن امداد دے رہے ہیں متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ بھی قائم کرینگے جبکہ حکومتی سطح پر بھی جے یو آئی ف اپنا کردار ادا کرے گی تاکہ متاثرین سیلاب کی داد رسی کی جاسکے۔

ادھر شیعہ علماء کونسل نے بھی جھنگ، سرگودھا،سیالکوٹ اور آزاد کشمیر میں اپنے ریلیف کیمپ قائم کردیئے ہیں ۔ اس سلسلے میں ”خبر رساں ادارے“ نے شیعہ علماء کونسل کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ اشیائے خورونوش کے ساتھ ساتھ متاثرین کیلئے ادویات ، بستر ، کمبل اور دیگر اشیائے ضروریہ فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ہدایت کی ہے کہ اپنے ہم وطنوں کی امداد کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور اس سلسلے میں اپنی صوبائی عہدیداروں کو ہدایات بھی جاری کردی ہیں جبکہ ایک ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیاہے تاکہ متاثرین کی زیادہ سے زیادہ امداد کی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام متاثرین کی بغیر کسی تفریق کی امداد کی جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ اس وقت متاثرین کو سب سے زیادہ ضرورت خیموں، کمبلوں، ادویات اور خوراک کی ہے ۔ ادھر تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی ہدایت پر منہاج سینٹر بھی مختلف متاثرہ علاقوں میں قائم کردیئے گئے ہیں اور میڈیکل ٹیمیں بھی بھجوادی گئی ہیں۔ ملک کی مذہبی سیاسی جماعتوں کے قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ سیلاب کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں جبکہ مستقل سیلاب روکنے کیلئے بھی حکمت عملی مرتب کی جائے تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع ہونے سے بچایا جاسکے ۔