چینی صدر کا دورہ موخر ہوا ملتوی نہیں، نئی تاریخوں کا جلد اعلان کردیا جائے گا ،ترجمان دفتر خارجہ،دہشتگردی کیخلاف آپریشن بلاامتیاز ہورہا ہے، بھارتی وزیراعظم نے ملک میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے متعلق وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھا، تعاون کی پیشکش کی وزیراعظم نے جوابی خط میں مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والے نقصانات پر دکھ کا اظہار کیا، ایران کی جانب سے آئی ایس آئی ایل میں جانے والے پاکستانیوں کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی اطلاعات نہیں ہیں،ہفتہ وار بریفنگ

جمعہ 12 ستمبر 2014 07:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12ستمبر۔2014ء) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے حوالے سے پاکستان کا موقف واضح ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کیخلاف آپریشن کررہا ہے اور یہ آپریشن بلاامتیاز ہورہا ہے۔ ۔ چینی صدر کا دورہ موخر ہوا ہے ملتوی نہیں نئی تاریخوں کا جلد اعلان کردیا جائے گا ۔جمعرات کو دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے بتایا کہ بھارتی وزیراعظم نے ملک میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے متعلق وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھا اور تعاون کی پیشکش کی جس پر وزیراعظم نے جواباً خط لکھا اور ان سے مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والے نقصانات پر دکھ کا اظہار کیا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں اور تعاون کے حوالے سے تجاویز دیں چونکہ اس وقت گلیشیئر کے پگھلنے اور ماحولیات کے اثرات کی بھی رپورٹس آرہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ سری لنکا کے لوگوں کو پاکستانی ایجنسیوں کی جانب سے بھارت کیخلاف استعمال کرنے کی رپورٹس ایک ماہ پرانی ہے اور سری لنکا پہلے ہی اس کو مسترد کرچکا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ امریکی صدر اوباما کے شام پر حملے رپورٹس کے حوالے سے ابھی کوئی پوزیشن واضح نہیں اس لئے اس پر کوئی رائے نہیں دے سکتے تاہم حملے کی وجوہات آئی ایس آئی ایل ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کا معاملہ انتہائی اہم ہے جس پر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ہونے چاہیے دونوں ممالک کے درمیان اس حوالے سے سندھ طاس معاہدہ بھی موجود ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز دوشنبے میں پاکستانی وفد کی سربراہی کررہے ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ گالفرز کے حوالے سے ہمیں رپورٹ آنے پر پتہ چلا دہلی میں ہائی کمیشن ان سے رابطے میں ہیں جیسے ہی کوئی ٹرانسپورٹ مہیا ہوگی ان کو واپس لے آئینگے،ترجمان نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے آئی ایس آئی ایل میں جانے والے پاکستانیوں کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی اطلاعات نہیں ہیں سفارتخانہ ان سے رابطے میں ہے