حکومت نے نصاب تعلیم پر نظرثانی کا فیصلہ کر لیا ہے، صدرمملکت ، امراض قلب کے پھیلاوٴ کو روکنے کے لئے صحت مندانہ سرگرمیوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ، نصاب تعلیم میں تبدیلیاں کی جائیں گی تاکہ نوجوان نسل کو ملکی تاریخ سے روشناس کرایا جاسکے، میں پاکستان ہارٹ میڈیکل کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 11 ستمبر 2014 08:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11ستمبر۔2014ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے نصاب تعلیم پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اسے مکمل طور پر قومی اور بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ اسلام آباد میں پاکستان ہارٹ میڈیکل کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ نصاب تعلیم میں تبدیلیاں کی جائیں گی تاکہ اس میں قومی تشخص اجاگر کرنے اور نوجوان نسل کو ملکی تاریخ سے روشناس کرایا جائے۔

صدر مملکت نے اپنے خطاب میں طبی شعبے خصوصا دل کے امراض کی تشخیص اور علاج کیلئے ریسرچ کو فروغ دینے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر سال ایک لاکھ افراد دل کی بیماریوں کے باعث ہلاک ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس بیماری کے پھیلاوٴ کو روکنے کے لئے آگاہی اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،صدر مملکت نے اس امر پر زور دیا ہے کہ بحیثیت قوم ہم سب کو مادر وطن کی ترقی کو اپنا فرض اولین سمجھتے ہوئے دلجمعی اور دیانتداری سے اپنی اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہئے، موجودہ حکومت نے ملک کو ترقی کی منزل سے ہمکنار کرنے کیلئے توانائی، انفراسٹرکچر، مواصلات سمیت مختلف شعبوں میں متعدد منصوبے شروع کئے ہیں ان منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے

متعلقہ عنوان :