شمالی وزیرستان میں دہشت گردو ں کے ٹھکا نو ں پر جیٹ طیاروں کی بمبا ری،65 دہشت گرد ہلاک، متعدد ٹھکانے تباہ،ضرب عضب کے تناظر میں خفیہ اطلاعات پر ملک کے دیگر شہروں میں بھی دو ہزار دو سو چوہتر آپریشن کئے، اب تک ایک ہزار کے قریب دہشتگرد ہلاک کئے جا چکے ہیں ،آئی ایس پی آر

جمعرات 11 ستمبر 2014 08:30

راولپنڈی، دتہ خیل،(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11ستمبر۔2014ء)شمالی وزیرستان کی وادیِ شوال اورتحصیل دتہ خیل میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے مجموعی طور پر65 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کئے گئے ہیں۔ پا ک فو ج کے شعبہ تعلقا ت عا مہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آپریشن ضرب ِ عضب 86 روز میں داخل ہو گیا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ پاک فوج کامیابیاں سمیٹ رہی ہیں۔

بدھ کوشمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے شمال مغربی علاقوں میں جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران پاک فوج کے جیٹ طیاروں نے دہشت گردوں کی کمین گاہوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 35 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے 3 ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔اس کے علاوہ بدھ کے روز پاک فضائیہ نے وادیِ شوا ل میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پرجیٹ طیاروں سے بمباری کی جس کے نتیجے میں 30دہشتگردہلاک ہو گئے جبکہ دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کئے گئے۔

(جاری ہے)

بیا ن میں کہا گیا کہ دھشت گر دو ں کے خلا ف آ پر یشن ضر ب عضب کا میا بی سے جا ری ہے،ضرب عضب میں اب تک ایک ہزار کے قریب دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے ہیں۔

شمالی وزیرستان کے علاقوں کھوجری، میرعلی، میرانشاہ، دتہ خیل، گڑیوم اور جھلار میں اٹھاسی کلومیٹر طویل سڑک کلیئر کرا لی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ضرب عضب کے تناظر میں خفیہ اطلاعات پر ملک کے دیگر شہروں میں بھی دو ہزار دو سو چوہتر آپریشن کئے گئے اور اس دوران بیالیس دہشت گرد مارے گئے اور ایک سو چودہ انتہائی مطلوب ملزمان پکڑے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے مقابلوں میں اب تک بیاسی سیکیورٹی اہلکار جام شہادت نوش کر چکے ہیں جن میں سے بیالیس شمالی وزیرستان ، تئیس فاٹا کی دیگر ایجنسیوں جبکہ سترہ ملک کے مختلف علاقوں میں شہید ہوئے۔دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں دو سو انہھتر جوان زخمی بھی ہوئے۔ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی امداد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

بنوں، ڈی آئی خان اور ٹانک میں قائم چھ مقامات سے ستانوے ہزار پانچ سو ستر متاثرہ خاندانوں میں انیس ہزار تین سو چھہتر ٹن راشن تقسیم کیا جا چکا ہے۔ بنوں میں قائم فیلڈ میڈیکل ہسپتال سے بتیس ہزار سے زائد خواتین سمیت ایک لاکھ تیرہ ہزار دو سو نو مریضوں کو طبی سہولتیں فراہم کی جا چکی ہیں، واضح رہے کہ گزشتہ روز دتہ خیل میں ہی کلئیرنس آپریشن کے دوران جھڑپ کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار سمیت 2 افراد شہید ہوگئے تھے۔