وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے حکومتی مذاکرا تی کمیٹی کے اراکین کی ملا قات ،عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف سے طویل مذاکرات پر بریفنگ،پارلیمنٹ کے مشترکہ ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال

جمعرات 11 ستمبر 2014 08:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11ستمبر۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے دھرنے دینے والی پارٹیوں سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی کے اراکین سے ملاقات‘ پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف سے طویل مذاکرات پر بریفنگ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں ڈی چوک میں دھرنے دینے والی پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک سے مذاکرات کرنے والی حکومت کمیٹی کے اراکین نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار‘ وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ‘ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ وزیر قانون زاہد حامد‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال بھی شامل تھے۔ حکومتی کمیٹی کے اراکین نے وزیراعظم کو مذاکرات کی اب تک کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی اور دونوں جماعتوں سے مذاکرات کی طویل سفارشات وزیراعظم کو پیش کی گئیں۔ علاوہ ازیں ملاقات میں پارلیمنٹ کے مشترکہ ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔