اسپیکر قومی اسمبلی نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹیاں تشکیل دینے بارے چیئرمین سینیٹ کی تجویز مستردکردی ، وزیراعظم کا بھی اس ضمن میں کوئی قدم اٹھانے سے معذرت کا اظہار ،چیئرمین سینیٹ کی تجویز داخل دفتر ہونے کا امکان

بدھ 10 ستمبر 2014 07:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2014ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹیاں تشکیل دینے کے بارے میں چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری کی تجویز مستردکردی ہے جبکہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھی اس ضمن میں کوئی قدم اٹھانے سے معذرت کا اظہار کردیا ہے جس سے چیئرمین سینیٹ کی تجویز داخل دفتر ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو ایک خط لکھا تھا جس میں یہ تجویز پیش کی گئی تھی کہ مختلف امور پر سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ کمیٹیاں قائم کی جائیں جس سے اخراجات میں کمی ہوگی لیکن جب اسپیکر نے اس سے اتفاق نہ کیا تو چیئرمین سینیٹ نے ایک اور خط وزیراعظم محمد نواز شریف کو بھجوایا جس کا جواب وزیراعظم نے گزشتہ روز نیئر بخاری کو بھجوا دیا ہے جس میں قابل اعتماد ذرائع کے مطابق بتایا گیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے مشترکہ کمیٹیاں تشکیل دینے سے اتفاق نہیں کیا اس لئے وزیراعظم بھی اس حوالے سے کوئی قدم نہیں اٹھا سکتے اس طرح وزیراعظم نے مکمل طور پر معذوری کا اظہار کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اپنے خط میں واضح طور پر مثالیں دی تھیں کہ بھارت سمیت دیگر ممالک میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی مشترکہ کمیٹیاں قائم کی جاتی ہیں جس سے تمام امور پر دونوں ایوانوں کے درمیان رابطہ بھی بہتر ہوتا ہے اور اخراجات میں بھی کمی ہوتی ہے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی اقتصادی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ کمیٹیاں قائم کی جائیں اس سے دونوں ایوان موثر انداز میں قومی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔ تاہم اسپیکر قومی اسمبلی اور وزیراعظم نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا۔