پشاور،وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی جی ایچ کیو راولپنڈ ی میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے اہم ملاقات ،پنجاب کے متاثرین سیلاب کیلئے آرمی چیف کو خیبرپختونخوا کے عوام اور حکومت کی جانب سے دس کروڑ روپے کا چیک پیش کیا

بدھ 10 ستمبر 2014 07:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2014ء)خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی جی ایچ کیو راولپنڈ ی میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے ساتھ اہم ملاقات نصف گھنٹے تک جاری رہی انہوں نے پنجاب کے متاثرین سیلاب کیلئے آرمی چیف کو خیبرپختونخوا کے عوام اور حکومت کی جانب سے دس کروڑ روپے کا چیک پیش کیا اس موقع پر انہوں نے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا اور خیبرپختونخو ا کی حکومت کی جانب سے پاک فوج کو بھر پور تعاون کی یقینی دہانی کرائی ملاقات میں آپریشن ضرب عضب کے تناظر میں متاثرین شمالی وزیرستان کے مسائل اور مشکلات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا پرویز خٹک نے بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ملاقات کو انتہائی بامقصد قراردیا اور کہا کہ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی آرمی چیف نے میر ی درخواست پر ملاقات کی میں نے صوبائی حکومت اور عوام کی جانب سے پنجاب میں حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے اور متاثرین کیلئے دس کروڑ روپے مالیت کا چیک آرمی چیف کے حوالے کیا

کیونکہ پاک فوج نے جس طرح سیلاب زدگان کی خدمت کی اور کررہے ہیں سیلاب میں پھنسے ہوئے ہزاروں افرادکو بچانے، متاثرین کو خوارک کی فراہمی اور ریسکو آپرین پر وہ پاک فوج کوسلام پیش کرتے ہیں پرویز خٹک نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور جب سے یہ آپریشن شروع ہو ا پورے ملک میں بڑی حدتک امن قائم ہوچکاہے دہشتگر دی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے انہوں نے کہا کہ ملاقات میں متاثرین شمالی وزیرستان کے مسائل اور مشکلات پر تفصیلی بات ہوئی گوکہ متاثرین آپریشن کا مسئلہ وفاقی حکومت سے تعلق رکھتا ہے لیکن ا س کے باوجود ہم بھر پور تعاون کررہے ہیں پرویز خٹک نے کہا کہ ملاقات میں آرمی چیف کو صوبائی حکومت کی اصلاحات کے حوالے سے بھی اگاہ کیا گیا اور کرپشن کے خاتمے ، پولیس سے سیاسی مداخلت کے خاتمے، تھانہ و پٹوار کلچر سمیت بیورو کریسی میں ہونے والی اصلاحات سے اگا ہ کیا آرمی چیف نے صوبائی حکومت کی کارکردگی کوسراہا اورمتاثرین کو دی گئی انکی امداد پر ان کاشکریہ ادا کیا۔