سیلاب متاثرین کی مشکلات کابخوبی علم ہے،حکومت مصیبت کی اس گھڑی میں انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتی،وزیر اعظم،جب تک متاثرین واپس اپنے گھروں کو نہیں چلے جاتے ہم آرام سے نہیں بیٹھ سکتے ،سیلاب نے بہت سے علاقوں میں تباہی مچا ئی اور اب دریائے چناب کا یہ سیلابی ریلہ آگے جا رہا ہے،جہاں جہاں سیلاب کا یہ پانی جائیگا وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اسکے پیچھے جائیگا،حکومت بہت جلد ان متاثرین کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر انہیں گھر آباد کرواکر دے گئی اور انکی بھر پور امداد بھی کی جائیگی ،ہمارا دل اپنے ان متاثرین بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے اور ہم انہیں مکمل ریلیف فراہم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، جلالپور بھٹیاں میں دورہ کے موقع پر متاثرین سیلاب سے خطاب

بدھ 10 ستمبر 2014 06:56

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2014ء) وزیر اعظم محمد نوز شریف نے کہا ہے کہ انہیں سیلاب متاثرین کی مشکلات کابخوبی علم ہے اور حکومت مصیبت کی اس گھڑی میں انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتی جب تک یہ متاثرین واپس اپنے گھروں کو نہیں چلے جاتے ہم آرام سے نہیں بیٹھ سکتے ،سیلاب نے بہت سے علاقوں میں تباہی مچا ئی اور اب دریائے چناب کا یہ سیلابی ریلہ آگے جا رہا ہے،جہاں جہاں سیلاب کا یہ پانی جائیگا وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اسکے پیچھے جائیگا،حکومت بہت جلد ان متاثرین کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر انہیں گھر آباد کرواکر دے گئی اور انکی بھر پور امداد بھی کی جائیگی ،ہمارا دل اپنے ان متاثرین بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے اور ہم انہیں مکمل ریلیف فراہم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلاب سے متاثرہ حافظ آبادکے علاقہ جلالپور بھٹیاں میں دورہ کے موقع پر متاثرین سیلاب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید ، وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ سیلاب کا ریلا یہاں سے تباہی مچاتا گزر گیا ہے ۔یہ سیلاب اچانک تھا اور اسکی پیشگی کی اطلاعات نہ تھیں۔

ہم چاہتے ہیں کہ الله پاک ہمیں اتنے وسائل دے کہ ہم سیلاب سے بچاؤ کے لئے بھرپور اقدامات کرکے عوام کو اسکی تباہ کاریوں سے بچا سکیں۔ ہم مشکل او ر دکھ کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں اسی لئے جہاں جہاں سیلاب جارہاہے ، شہاز شریف بھی وہاں جارہے ہیں تاکہ متاثرین سیلاب کو بھرپور امداد فراہم کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ وسائل کم ہونے کی وجہ سے ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔

لیکن مشکلات جتنی بھی ہوں ان متاثرین کے لئے وسائل کی کوئی کمی ۔ ہم ان کی بحالی کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں۔ حکومت ایسے منصوبے بنا رہی ہے جس سے مزدور بھی خوشحال ہوں اور ہمارے زمیندار بھی ترقی کریں۔ سیلاب کے بعد ان کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔قبل ازیں کمشنر گوجرانوالہ شمائل احمد خواجہ نے وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریائے چناب میں آنے والے سیلاب سے ضلع حافظ آباد کے 422میں سے 200دیہات متاثر ہوئے ہیں جبکہ یہاں سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد 2لاکھ سے زائد ہے،سیلابی ریلے کیوجہ سے پانچ افراد ہلاک جبکہ 66زخمی ہوئے۔

ہلاک ہونے والوں کو 16،16لاکھ جبکہ زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے دےئے جائینگے۔۔ضلع بھر میں سیلاب سے ایک لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر کھڑی فصلیں متاثر ہوئیں۔ لوئر چنا ب کینال میں شگاف پڑنے سے حافظ آباد، گوجرانوالہ روڈ اور حافظ آباد ونیکے روڈ متاثر ہوئے۔ ریسکیو کے لئے 60کشتیاں اور تین ہیلی کاپٹر استعمال کئے جارہے ہیں اب تک ہیلی کاپٹر ز کے زریعہ پندرہ سو سے زائد افراد ریسکیو کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر ایم۔پی۔اے ملک فیاض ، اسعد الله ارائیں بھی موجود تھے۔ قبل ازین وزیر اعظم کے سیکورٹی افسر اور مقامی صحافیوں میں تکرار ہوئی ۔ جس پر مقامی صحافیوں نے وزیر اعظم کی گاڑی روک پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔