وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار کو نااہل قرار دینے کیخلاف دائر انٹرکورٹ اپیل مسترد ، اسمبلی معا ملات میں عدالت مداخلت نہیں کر سکتی ،عدالتی ریما رکس

منگل 9 ستمبر 2014 06:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9ستمبر۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن اور مسٹر جسٹس فیصل زمان خان پرمشتمل ڈو یژن بنچ نے قومی اسمبلی میں غلط بیانی کرنے پر وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار کو نااہل قرار دینے کے لئے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف دائر انٹرکورٹ اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔

عدالت نے قرار دیا کہ اسمبلی معا ملات میں عدالت مداخلت نہیں کر سکتی ، درخواست گذار نے جس بیان کو اپنی درخواست کا حصہ بنایا ہے یہ ایک سیاسی بیان ہے اور الفاظ کا چناؤہے اس میں جھوٹ ثابت نہیں ہوتا۔ دوران سماعت درخواست گزار تحریک انصاف لاہور کے نائب صدر گوہر نواز سندھو نے اپنی دائر انٹرا کورٹ اپیل میں موقف اختیار کیا تھا کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے فوج کو ثالثی کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے قوم سے غلط بیانی کی۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے اسمبلی میں جھوٹ بولا۔ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ غلط بیانی کرنے پر آئین کے آرٹیکل 62 اور63 کے معیار پر پورا نہیں اترتے اس کے خلاف رٹ درخواست دائر کی گئی مگرلاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔انٹرا کورٹ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عالیہ کے سنگل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتیق ہوئے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو نااہل قرار دیا جائے اور عدالتی فیصلہ آنے تک وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو کام سے روکنے کے بھی احکامات صادر کئے جائیں۔عدالت نے فر یقین کے دلائل سْننے کے بعد دائر انٹرکورٹ اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔