چین کے صدر کا ستمبر میں دورہ طے تھا،پاکستان میں سیاسی حالات کے پیش نظر دورہ ملتوی کرنا پڑا،نائب سفیر کا بیان ،چینی صدر کا دورہ ملتوی ہونے سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے، چینی سفارتخانہ

پیر 8 ستمبر 2014 08:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2014ء)پاکستان میں چین کے نائب سفیرژاؤ وین نے کہا ہے کہ چین کے صدر کا ستمبر میں دورہ طے تھا،پاکستان میں سیاسی حالات کے پیش نظر دورہ ملتوی کرنا پڑا۔چینی نائب سفیر نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالات بہتر ہونے پر چینی صدر پاکستان کا دورہ کریں گے تاہم چینی صدر شیڈول کے مطابق بھارت اور سری لنکا کا دورہ کرینگے۔

ژاؤوین نے مزید کہا کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان میں بہت اہم معاشی تعاون کے حوالے سے بڑے منصوبوں پر دستخط کرنا تھے۔کول پاور پلانٹ،قراقرم ہائی وے،گوادر پورٹ اور کراچی لاہور موٹروے کے حوالے سے معاہدے طے ہونا تھے۔ادھرچین کے سفارت خانے نے چینی صدر کے دورہ پاکستان ملتوی ہونے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹ کے مطابق چینی سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کے صدر کے دورے میں متوقع معاہدوں کے لیے راستہ نکالا جارہا ہے کیونکہ پاکستان کے ساتھ کیے گئے تمام معاہدے مکمل ہوں گے جبکہ چینی صدر کا دورہ ملتوی ہونے سے دونوں ممالک کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور 60 سال سے قائم تعلقات دورے کے التوا سے متاثر نہیں ہوں گے تاہم پاک چین تعلقات متاثر کرنے والی کوششیں ناکام بنانا ہوں گی۔واضح رہے کہ چین کے صدر نے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا جس میں دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدے طے پانا تھا تاہم ملک میں جاری سیاسی بحران اور اسلام آباد کی صورتحال کے باعث چین نے صدر کا دورہ ملتوی کردیا۔

متعلقہ عنوان :