عمران خان، طاہرالقادری خواتین اوربچوں کے بغیرریڈزون میں داخل ہوکردکھائیں، سعد رفیق، چینی صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کی رضا مندی سے موٴخر کیا گیا ،وزیرریلوے کی میڈیا سے گفتگو

پیر 8 ستمبر 2014 07:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2014ء) وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ طاہرالقادری اور عمران خان خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا رہے ہیں یہ لوگ خواتین اور بچوں کو جانے دیں پھر ریڈ زون میں آکر دکھائیں۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان اور طاہرالقادری کو ایک ہی کام ہے، ایک بیٹھے تو دوسرا شروع ہوجاتا ہے تاہم چند دن مزید دھرنے والوں کے چال چلن دیکھ لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کمزوری یہ ہے کہ انہوں نے خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا رکھا ہے یہ لوگ خواتین اور بچوں کو جانیں دیں پھر ریڈ زون میںآ کر دکھائیں۔خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سیلاب پر سیاست کرنے والے جلد بے نقاب ہوں گے، عمران خان خیبرپختونخوا میں سیلاب زدگان کی مدد کریں انہوں نے صوبائی حکومت کو مفلوج بنادیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے بعد فوج اپنا کردار آئین اور قانون کیمطابق ادا کررہی ہے جبکہ اداروں میں تصادم نہ ہونے سے چوہدری برادران کو مایوسی ہوئی ہوگی۔

وزیرریلوے نے اس بات کی تصدیق کی کہ چین کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کی رضا مندی سے موٴخر کیا گیا تاہم دورے ے التوا کا سبب بننے والے شرم کریں۔وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیلاب کی موجودہ بدترین صورتِ حال، سیاست کی بجائے خدمت کا تقاضہ کر رہی ہے۔ عمران خان اور طاہرالقادری اسلام آباد میں دھرنوں کو ملتوی کر کے ، سیلاب زدہ عوام کی خدمت کریں اور حکومت کو بھی یہ کام کرنے دیں۔

اتوار کی سہ پہر ریلوے ہیڈکوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ موجودہ سیلاب کے بعد سیاست کے لیے بہت وقت ہوگا۔ اس وقت پنجاب کو بدترین سیلاب کا سامنا ہے، اس کا رُخ سندھ کی طرف ہے۔ خیبر پختونخوامیں بھی بارشوں کی تباہ کاری کے علاوہ دس لاکھ آئی ڈی پیز (IDPs)کا سنگین مسئلہ درپیش ہے۔ لیکن عمران خان اور طاہر القادری بدترین آفت کے اس موقع پر بھی سیاست بازی میں مصروف ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنے قوم کو بہت مہنگے پڑ رہے ہیں۔ اب تک قومی معیشت کو ساڑھے پانچ سو ارب روپے کا نقصان پہنچ چکا ہے۔ چینی صدر کے دورے کا التواء اپنی جگہ ایک سنگین مسئلہ ہے، جس سے نہ صرف اربوں ڈالر کے معاہدے التواء میں چلے گئے ہیں بلکہ اس سے عالمی سطح پر پاکستان کا قومی امیج بھی بری طرح متاثر ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خاں پنجاب میں دھاندلی کا شور اس لیے مچا رہے ہیں کہ یہاں مسلم لیگ(ن) کو مینڈیٹ ملا ہے۔

اُنہوں نے گزشتہ تین ہفتوں سے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سمیت اپنے صوبائی وزراء کو اسلام آباد میں یرغمال بنا رکھا ہے۔ حالانکہ یہ وقت ان کے صوبے میں بارشوں سے متاثرہ عوام اور لاکھوں آئی ڈی پیز کی خدمت کا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عمران خاں جھوٹ اور غلط بیانی کے نئے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔ دھاندلی کے حوالے سے بھی ان کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں اُنہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین الیکشن میں اپنی بدترین شکست کا غصہ نکال رہے ہیں۔ اُنہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ طاہرالقادری نے بچوں اور خواتین کو ڈھال بنا رکھا ہے، جو سنگدلی کی انتہاء ہے۔ ریڈ زون میں یہ بچے اور خواتین ہی ہماری کمزوری تھے، ورنہ ہم دیکھتے کہ یہ ریڈزون کی لکیر کیسے عبور کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تحریکِ انصاف کی ٹیم مذاکرات کرتی ہے، دوسری طرف عمران خاں اپنی اشتعال انگیز اور جھوٹے الزامات پر مبنی تقاریر کے ذریعے اس پر پانی پھیر دیتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :