عمران خان کی پاکستانیوں سے سیلاب متاثرین کی بڑھ چڑھ کر مدد کرنے کی اپیل،عمران خان کی زیر صدارت میں پی ٹی آئی پنجاب کی تنظیم ، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ،کااہم اجلاس ، دھرنے کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل، پنجاب میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ،یہ تاریخی موقع ہے دھرنے میں ہر پاکستانی کو اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے شرکت کرنا ہوگی،موجودہ کرپٹ نظام اورمفاد پرست ٹولے سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے نجات حاصل کرنی ہو گی، نوازشریف کے استعفے تک یہ دھرنا جاری رہے گا، اجلاس سے خطاب

پیر 8 ستمبر 2014 07:57

اسلام آباد، لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی صدارت میں اسلام آباد میں پی ٹی آئی پنجاب کی تنظیم ، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ، ریجنل صدور و جنرل سیکرٹریز اور ضلعی صدور و جنرل سیکرٹریز ، ٹکٹ ہولڈرز کااہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں آئندہ دھرنے کے حوالے سے لائحہ عمل تشکیل دیا گیا اور اجلاس میں پنجاب میں ہونے والی طوفانی بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ، چیئرمین عمران خان نے تمام ضلعی صدور کو ہدایات جاری کیں کہ جو اضلاع سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں وہاں پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کریں اور امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور شام کو آزادی دھرنے میں شامل ہوں ، اجلاس سے عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ تاریخی موقع ہے دھرنے میں ہر پاکستانی کو اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے شرکت کرنا ہوگی اور موجودہ کرپٹ نظام اورمفاد پرست ٹولے سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے نجات حاصل کرنی ہو گی، یہ میری یا تحریک انصاف کی جنگ نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کی جنگ ہے ، انہوں نے واضح کیا کہ نوازشریف کے استعفے تک یہ دھرنا جاری رہے گا،چیئرمین عمران خان نے پنجاب میں آنے والے سیلاب سے جان ومالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ،عمران خان نے زندہ دل پاکستانیوں سے اپیل کی کہ سیلاب متاثرین کی بڑھ چڑھ کر مدد کریں، تحریک انصاف اس مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے ،

انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم نے نیا پاکستان بنانے کی تحریک میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے ، کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں اب دنیا کی کوئی طاقت نیا پاکستان بنانے سے نہیں روک سکتی، عہدیداران اور کارکنان دھرنے میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں اور عمران خان نے پنجاب بھر کے عہدیداروں کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں مسلسل دھرنے کو کامیاب بنانے پر شکریہ ادا کیا، اجلاس سے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے بھی خطاب کیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک ، شاہ فرمان ،ڈاکٹر یاسمین راشد، صداقت عباسی ، رائے حسن نواز ، نور خان بھابھہ ، حنامنظور ،فیض اللہ کموکا،عون عباس، ابرارالحق،شبیرسیال،بریگیڈیر(ر) اسلم گھمن،عمر ڈار، شنیلہ روت، عالیہ حمزہ ملک ، سعدیہ سیف، بیرسٹر بختیار محمود قصوری، عمر اسلم ،ملک امین اسلم ،نعیم الحق، غلام سرور خان، عبدالعلیم خان ، میاں اسلم اقبال، رانا نعیم الرحمان، کنورعمران سعید، ڈاکٹر صلاح الدین، عارف عباسی، چوہدری الیاس، ندیم ہارون ، رانا ساجد شوکت،ممتازاختر کاہلوں، شاہنوازچیمہ، ندیم نثار، ڈاکٹر وحید اکبر، اعجاز جنجوعہ ، ملک مظفر، فرزند گوہیر، متصب سندھو، فیصل مختار گوندل، یاسر سرفراز ، وحید مراد ،عثمان سعید بسراء، عثمان ڈار، فرخ حبیب ،شکیل نیازی، کرنل (ر) فاروق بزدار ، ملک زاہد، ملک شوکت تھہیم ،یاسر عرفات، طاہر انور واہلہ سمیت دیگر پارٹی ذمہ داران نے شرکت کی ۔