پاک فوج کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھرپور امدادی کارروائیاں جاری ، 16ہیلی کاپٹرز پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کیلئے روانہ کئے گئے، متاثرہ علاقوں سے 2300افراد کو نکالا گیا ، متاثرین کیلئے خوراک کے پیکس گرائے گئے،آئی ایس پی آر

پیر 8 ستمبر 2014 07:40

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2014ء)پاک فوج راولپنڈی،جہلم،حافظ آباد،گوجرانوالہ، سیالکوٹ،چنیوٹ،منڈی بہاؤالدین اور گردو نواح کے علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اپنی بھرپور امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے،بحرانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ملتان،ڈی جی خان،لیہ،ساہیوال،تریمو ہیڈورکس کیلئے بھی فوجی دستے روانہ کردئیے گئے ہیں۔

اتوار کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق اپنی روایات جاری رکھتے ہوئے فوجی جوان بھرپور قوت اور صلاحیت کے مطابق کام کر رہے ہیں تاکہ بحران میں اپنے بھائیوں کو زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کی جاسکے،آج 16ہیلی کاپٹرز پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کیلئے روانہ کئے گئے

جبکہ ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کی مدد سے چنیوٹ،کوٹ مومن،پھالیہ،حافظ آباد،خانکی،قادرآباد،بجوات،چپراڈ،قادر آباد،وزیرآباد اور منڈی بہاؤالدین کے سیلاب متاثرہ علاقوں سے 2300افراد کو نکالا گیا ہے،فوجی ہیلی کاپٹرز کی مدد سے چنیوٹ ،سیالکوٹ ،گوجرانوالہ اور منڈی بہاؤالدین میں مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے لوگوں کیلئے خوراک کے پیکس گرائے گئے۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق امدادی آپریشن کے آغاز سے لیکر پاک فوج نے 6500سے زائد پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا،اس کے علاوہ زمینی افواج ،300کشتیاں اور5ہیلی کاپٹرز امدادی بحالی کی سرگرمی کیلئے تعینات کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :