وزیر خزانہ اسحق ڈار کی زیرصدارت اجلاس، دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے فنڈز مہیا کرنے کا جائزہ ، واشنگٹن میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اجلاس طلب کرنے کیلئے تجویز پیش کی جائے ، وزیر خزانہ کی وزارت پانی و بجلی حکام کو ہدایت

اتوار 7 ستمبر 2014 08:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7ستمبر۔2014ء ) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے وزارت پانی وبجلی اور واپڈا حکام کو ہدایت کی ہے کہ واشنگٹن میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اجلاس طلب کرنے کیلئے تجویز پیش کی جائے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسحق ڈار نے ہفتے کو اسلام آباد میں دیامیر بھاشا ڈیم کے لئے فنڈز مہیا کرنے کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کی۔

واپڈا کے چیئرمین ظفرمحمود نے وزیر خزانہ کو پن بجلی پالیسی کے مسودے پر بریفنگ دی جس کا مقصد پن بجلی کی پیداوار کیلئے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کا حصول اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے اپ فرنٹ ٹیرف کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے وزیر خزانہ کو دیامیر بھاشا ڈیم کے حوالے سے اب تک ہونے والے کام کے بارے میں بتایا۔وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ منگلاڈیم میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوربیس لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

واپڈا کے چیئرمین نے بتایا کہ منگلا ڈیم Raising پراجیکٹ سے نہ صرف پانی جمع کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا بلکہ اس سے سیلاب کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔

وزیر خزانہ نے چیئرمین واپڈا کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد پن بجلی سے متعلق ایک جامع پالیسی مرتب کریں تاکہ پرائیویٹ سیکٹر کو اتنے بڑے وسائل میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کیا جا سکے۔

انہوں نے پاکستانی عوام کیلئے آبی توانائی سے سستی بجلی پیدا کرنے پر زور دیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت داسو اور دیامیر میں پن بجلی کے منصوبوں کو آگے بڑھائے گی تاکہ ملک میں تھرمل پاور کی پیداوار پر بھاری اخراجات کم کر کے درآمدی بل بڑی حد تک نیچے لایا جا سکے۔ انہوں نے وزارت پانی وبجلی اور واپڈا حکام کو ہدایت دی کہ واشنگٹن میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اجلاس طلب کرنے کیلئے تجویز پیش کی جائے تاکہ امریکی سرمایہ کاروں اور ڈونر ایجنسیوں کو پاکستان میں بڑے بڑے ڈیموں کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاری پر مائل کیا جا سکے۔