وزیر داخلہ چوہدری نثار کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات ، ملک کی سکیورٹی صورتحال ،دھرنوں اور اعتزاز احسن کے جواب میں پریس کانفرنس پر تبادلہ خیال، پریس کانفرنس پر ممکنہ ردعمل سنگین ہوسکتا ہے ، اپوزیشن سینٹ کے اجلاس سے واک آؤٹ کرسکتی ہے، اس وقت جمہوریت کے استحکام کیلئے تمام جماعتوں کی یگانگت بڑی ضروری ہے ، وزیرا عظم ،پریس کانفرنس کرنا میرا حق ہے ، ٹھوس شوائد موجود ہیں ،حقائق ہر حالت میں قوم کے سامنے لاؤنگا ، لڑائی اعتزاز ا حسن نے شروع کی ، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مجھے ٹارگٹ کیا گیا ،چوہدری نثار کا وزیراعظم کو صاف جواب

اتوار 7 ستمبر 2014 08:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7ستمبر۔2014ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات ، ملک کی سکیورٹی صورتحال ، دھرنوں اور اعتزاز احسن کے جواب میں پریس کانفرنس جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،وزیر داخلہ کے وزیر اعظم سے گلے شکوے،جبکہ اعتزاز احسن کے خلا ف پریس کانفرنس نہ کر نے کی وزیر اعظم کی نصحیت کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس کرنا میرا حق ہے ،حقائق ہر حالت میں قوم کے سامنے لاؤنگا ، لڑائی اعتزاز احسن نے شروع کی ہر حالت میں جواب دونگا ، پریس کانفرنس میں مرحوم بھائی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ افتخار پر لگائے گئے الزامات کا جواب دینے کا اٹل فیصلہ ۔

ذرا ئع کے مطا بق ہفتہ کے روز وزیراعظم نواز شریف سے چوہدری نثارعلی خان نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ، ملاقات میں ملک کی سکیورٹی صورتحال ، دھرنوں اور اعتزاز احسن کے جواب میں پریس کانفرنس پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم نے چوہدری نثار کو نصحیت کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پریس کانفرنس کرکے ماحول کو مزید خراب نہ کیا جائے اور اعتزاز احسن کے الزامات کا جواب نہ دیا جائے جس پر چوہدری نثار نے نواز شریف کو واضح جواب دیدیا کہ پریس کانفرنس ہر حالت میں کرونگا میرے پاس ٹھوس شواہد ہیں جو قوم کے سامنے لاؤنگا ۔

چوہدری نثار نے کہا کہ میرے بھائی اور میرے پر الزامات کا جواب پریس کانفرنس میں دونگا کیونکہ ا عتزاز احسن نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مجھے ٹارگٹ کیا جس پر نواز شریف نے چوہدری نثار سے کہا کہ آپ کی پریس کانفرنس کے جواب میں ممکنہ ردعمل سنگین بھی ہوسکتا ہے اپوزیشن سینٹ کے اجلاس سے واک آؤٹ بھی کرسکتی ہے جبکہ اس وقت جمہوریت کے استحکام کیلئے تمام جماعتوں کی یگانگت بڑی ضروری ہے جس پر چوہدری نثار نے کہا کہ پہلے آپ نے پریس کانفرنس کا کہا تھا اور اب آپ منع کررہے ہیں جبکہ ایوان میں بھی آپ کے منع کرنے پر جواب نہیں دیا تھا لیکن اب بطور وزیر داخلہ نہیں تو نہ سہی مگر بطور ایم ایم این اے اپنے بھائی اور اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب ہر حالت میں دونگا یہ میرا حق ہے ۔