قوم کے مضبوط عزم اور مسلح افواج کی غیرمتزلزل حمایت سے ہم ملک کو درپیش تمام چیلنجز سے نبردآزما ہونے میں کامیاب ہوجائیں گے،ممنون حسین ،آپریشن ضرب عضب میں مسلح افواج کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلایا جاسکتا،قوم کو اس آپریشن کی اہمیت کا علم ہے، قوم ہماری مسلح افواج کے کردار کا ا دراک کرتی ہے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کی جانب سے یوم دفاع کے موقع پر دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب

اتوار 7 ستمبر 2014 08:18

راولپنڈی( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7ستمبر۔2014ء)صدر مملکت ممنون حسین نے مسلح افواج کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کے مضبوط عزم اور ہماری مسلح افواج کی غیرمتزلزل حمایت سے ہم ملک کو درپیش تمام چیلنجز سے نبردآزما ہونے میں کامیاب ہوجائیں گے۔آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر چےئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کی جانب سے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز میں دئیے گئے استقبالیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہم اپنے ہیروز اور مسلح افواج کے بہادر بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو ثابت قدم رہے اور قربانیاں پیش کرکے ہمیں احترام اور وقار کا راستہ دکھایا۔

(جاری ہے)

ہمارے بہادر افسران اور فوجی جوانوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کے قابل فخر عوام نے شدت پسندی کیخلاف جنگ میں اپنی بہادری اور جرأت کی زبردست مثالیں قائم کی ہیں،آپریشن ضرب عضب میں مسلح افواج کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا یا جاسکتا،قوم کو اس آپریشن کی اہمیت کا علم ہے اور ہماری مسلح افواج کی جانب سے ادا کئے جانے والے کردار کا ا دراک کرتی ہے،میں تمام ریاستی اداروں کی بھرپور قوت کے ساتھ کسی بھی قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہماری قومی خواہش اور عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔

صدر نے مزید کہا کہ آج ملک کی دفاعی صلاحیت اللہ تعالیٰ کی عنایت سے مضبوط اور مختلف نوعیت کی ہیں،ہم یقین رکھتے ہیں کہ ملک کے مضبوط دفاع سے کسی بھی جارحیت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے،ہم اپنے ہمسایہ ملک کے ساتھ اہم مسئلہ کشمیر سمیت تمام حل طلب معاملات کو پرامن طور پر حل کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہیں جس سے دونوں ملک اپنے عوام کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کیلئے اپنی توانائیاں صرف کرسکیں گے۔

آخر میں صدر نے مختلف قومی مشلکلات کی گھڑی میں مسلح افواج کے افسران ،جوانوں،سیلرز اور فضائیہ کے اہلکاروں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام کے مضبوط عزم اور ہماری مسلح افواج کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ ہم ملک کو درپیش تمام چیلنجز سے چھٹکارا حاصل کرسکیں گے۔استقبالیہ میں چےئرمین سینیٹ،وفاقی وزراء،مسلح افواج کے سربراہان،ملک میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں اور دیگر سینئر حاضر سروس سول وفوجی افسران نے شرکت کی۔