حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک دور، ایجنڈے میں شامل بہت سے نکات پر اتفاق رائے ہوچکا ہے، آج بھی جاری رہیں گے،اسحاق ڈار، مذاکرات جاری رہیں گے ، چینی صدر کے دورہ کی اہمیت کا ادراک ہے، آج چینی سفیر سے تحریک انصاف کا وفد ملاقات کرکے انہیں مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی کرائے گا ، شاہ محمود قریشی

ہفتہ 6 ستمبر 2014 08:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6ستمبر۔2014ء)حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے ڈیڈ لاک دور ہوگیا جہاں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل بہت سے نکات پر اتفاق رائے ہوچکا ہے اور مذاکرات آج بھی جاری رہیں گے امید ہے کہ آج بھی مذاکرات جاری رہیں گے اور امید ہے کہ معاملات طے پا جائینگے جبکہ تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ڈیڈ لاک ختم ہونے کے بعد مذاکرات جاری رہیں گے ، چینی صدر کے دورہ پاکستان کی اہمیت کا ادراک ہے اور اسی حوالے سے آج چینی سفیر سے تحریک انصاف کا وفد ملاقات کرکے انہیں مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی کرائے گا ، خواہش ہے کہ چینی صدر کا دورہ ملتوی نہ ہو ۔

وہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ قوم کو جلد کوئی خوشخبری دیں اور اس صورتحال سے چھٹکارا حاصل کرکے اپنے گزشتہ ستائیس روزہ تعطل کا شکار سرکاری امور کو سرانجام دیں تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ مثبت پیش رفت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور امید ہے کہ آج معاملات طے پا جائینگے جس کے بعد قوم کو خوشخبری دینگے ۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین آج چین کے سفیر سے ملاقات کرکے اس حوالے سے یقین دہانی کرائینگے کہ چینی صدر کو نہ صرف مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی بلکہ انہیں خوش آمدید کہا جائے گا بلکہ ہمیں چین کے ساتھ تعلقات کی نوعیت کا اندازہ اور گہرائی کا علم ہے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات میں تحریک انصا ف کی وجہ سے دراڑ نہیں پڑنی چاہیے تحریک انصاف نہ صرف راستے صاف کرے گی بلکہ چینی صدر کو خوش آمدید بھی کہے گی ۔