پنجاب اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارش ، کرنٹ لگنے ، چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں 43 افراد جاں بحق،سینکڑوں زخمی،چاہ میراں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے پنجاب حکومت کا پانچ پانچ لاکھ امداد کااعلان

جمعہ 5 ستمبر 2014 08:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5ستمبر۔2014ء) پنجاب اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارش ، کرنٹ لگنے ، چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں 43 افراد جاں بحق ، سینکڑوں زخمی ہوگئے ،چاہ میراں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے پنجاب حکومت نے پانچ پانچ لاکھ امداد کااعلان کردیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب بھر میں گزشتہ روز ہونے والی طوفانی بارش کے باعث 37 افراد جاں بحق ہوگئے لاہور کے علاقے چاہ میراں میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے واقعہ کے بعد وزیر قانون پنجاب رانا مشہود نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت بھی کی ۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے پانچ ، پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا لاہور کے مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے کل بارہ افراد جاں بحق ہوئے سیالکوٹ میں ہونے والے مختلف حادثات کے باعث سات افراد جاں بحق ہوئے ادھر کامونکی میں تین شیخوپورہ میں تین ، گوجرانوالہ میں پانچ ، قصور ، سیالکوٹ اور دیگر علاقوں میں کئی افراد جاں بحق ہوئے بارش کے باعث لاہور کے کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور سڑکیں تالاب بن گئیں آزاد کشمیر میں بھی مختلف حا دثات میں چھ افراد جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں ۔

(جاری ہے)

ادھروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات اور واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات اور واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کیلئے 5، 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لئے 1، 1 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دلی افسوس ہوا ہے۔ پنجاب حکومت مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صوبائی انتظامیہ کو شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فی الفور اقدامات کرنے اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ا نتظامی افسران اور واسا حکام دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں موجود رہیں اور پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں۔

اراکین اسمبلی ، انتظامی اور واسا افسران نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کی خود نگرانی کریں اور صورتحال میں بہتری تک فیلڈ میں موجود رہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں اور حادثات میں زخمی ہونے والوں کو ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں کو مزیدتیز کیا جائے اوراس ضمن میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ افسوسناک واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کے غمزدہ گھرانوں کے پاس جائیں اور ان کے غم میں شریک ہوں۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال اور سیلاب کے خدشے کے پیش نظر صوبے کے 9 ڈویژنوں میں امدادی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کیلئے صوبائی وزراء کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے تمام وزراء کو اپنے اپنے ڈویژن میں فی الفور پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندے ، کمشنرز اور ڈی سی اوز عوام کی مشکلات کے ازالے کیلئے ایک جذبے کے تحت ریلیف کی سرگرمیوں کی نگرانی کا فریضہ سرانجام دیں اور اراکین اسمبلی بھی اپنے اپنے علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کریں۔وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فوری امدادی کام شروع کئے جائیں اور تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر چوکس رہیں۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ نے حالیہ بارشوں کے باعث سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کیلئے صوبائی انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے دریاؤں کی صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور سیلاب کے خطرے کے پیش نظر چوکس رہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیلاب کے خدشے سے نمٹنے کیلئے تمام پیشگی اقدامات اٹھائے جائیں اور متعلقہ ادارے اورمحکمے سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کیلئے متعین کردہ طریقہ کار پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

جبکہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے حالیہ شدید بارشوں کے باعث قیمتی جانوں اوراملاک کے نقصان کے واقعات کے پیش نظر پنجاب حکومت کو امدادی سرگرمیاں تیزکرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج کا بھی اظہارکیا۔ لاہور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سمیت مختلف شہروں میں شدید بارشوں کے باعث چھتیں گرنے کے الگ الگ واقعات میں کم ازکم 16 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے پیپلزپارٹی کے سینئررہنماء رضاربانی کی جانب سے پنجاب میں بارشوں سے ہونے والی تباہی بارے خطاب کے بعدحکومت پنجاب سے رابطہ کیاہے اور انھیں فوری طور پر بارشوں سے ہونے والے نقصانات کاازالہ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں