چین کے صدر کا دورہ پاکستان سکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے پر ملتوی ، چینی سفارتخانے کا تصدیق کرنے سے انکار ، لاہور کے گنجان آباد علاقے میں ملاقاتیں ممکن نہیں ہیں، سکیورٹی کلیئرنس نہیں دی جس پر چینی صدر کا دورہ ملتوی کردیا گیا، چینی سکیورٹی ٹیم ، اسلام آباد کی صورتحال پاکستان کا نجی مسئلہ ہے ہم اسلام آباد کی صورتحال کو قریب سے مانیٹر کررہے ہیں، توقع ہے کہ فریقین مسئلے کو جلد سے جلد حل کرلینگے، چینی سفارتخانہ ،چینی صدر کا دورہ فی الوقت ملتوی کیا گیا ہے نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیاجائے گا، حکومتی ذرائع

جمعہ 5 ستمبر 2014 08:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5ستمبر۔2014ء) چین کے صدر ژی پن پنگ کا دورہ پاکستان سکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے پر ملتوی کردیا گیا ، چینی سفارتخانے نے تصدیق کرنے سے انکارکردیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی صدر نے ستمبر کے وسط میں پاکستان کا اہم دورہ کرنا تھا اور اسلام آباد میں دھرنوں کے باعث آرمی چیف کو لاہور میں ملاقاتوں کی تجویز دی گئی تھی ۔

(جاری ہے)

بدھ کو چین کے صدر کے دورے کے حوالے سے امور طے کرنے کے لیے چینی صدر کی سکیورٹی ٹیم نے کہا کہ گنجان آباد علاقے میں ملاقاتیں ممکن نہیں ہیں اور سکیورٹی کلیئرنس نہیں دی جس پر چینی صدر کا دورہ ملتوی کردیا گیا ہے جبکہ ترجمان چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ چینی صدر کے دورہ کی منسوخی کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں دورہ منسوخ ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے اسلام آباد کی صورتحال پاکستان کا نجی مسئلہ ہے ہم اسلام آباد کی صورتحال کو قریب سے مانیٹر کررہے ہیں اور توقع ہے کہ فریقین مسئلے کو جلد سے جلد حل کرلینگے ۔

ایک نجی ٹی وی نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ چینی صدر کا دورہ فی الوقت ملتوی کیا گیا ہے نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیاجائے گا واضح رہے کہ چینی صدر کے حالیہ دورے سے پاکستان میں 36ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہونا تھی ۔