”خراب ساؤنڈ سسٹم نے قائد انقلاب اور کپتان خان کو یکجا کردیا“ ،ڈاکٹر طاہر القادری کی پاکستان تحریک انصاف کے ساؤنڈ سسٹم کی تعریف،صدیقی صاحب ہمیں تو آپ کے خراب ساؤنڈ سسٹم نے مروادیا، عمران خان نے اپنے کنٹینرپر آنے کی دعوت دیدی، قادری نے قبول کرلی ، چھوٹے سیاسی بھائی کا بڑے بھائی کا پرتپاک استقبال ، تالیا ں بجائیں، کنٹینر سے جیو ے جیوے طاہر جیوے کے نعرے

بدھ 3 ستمبر 2014 09:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3ستمبر۔2014ء) ”خراب ساؤنڈ سسٹم نے قائد انقلاب اور کپتان خان کو یکجا کردیا“ ڈاکٹر طاہر القادری کی پاکستان تحریک انصاف کے ساؤنڈ سسٹم کی تعریف،صدیقی صاحب ہمیں تو آپ کے خراب ساؤنڈ سسٹم نے مروادیا، عمران خان نے اپنے کنٹینرپر آنے کی دعوت دیدی، قائد عوامی تحریک نے قبول کرلی ، چھوٹے سیاسی بھائی کا بڑے بھائی کا پرتپاک استقبال ، تالیا ں بجائیں، کنٹینر سے جیو ے جیوے طاہر جیوے کے نعرے۔

منگل کے روز ڈاکٹر طاہر القادری نے پاکستان تحریک انصاف کے ساؤنڈ سسٹم کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا ساؤنڈسسٹم اس طرح کا نہیں ہے جیسا پاکستان تحریک انصاف کا ہے کیونکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد پنجاب حکومت نے ماڈل ٹاؤن میں راستے بند کردیئے اس لئے انتظامات اس طرح نہ ہوسکے جس طرح ہونے چاہئے تھے اس مو قع پر انہوں نے اپنے ساؤنڈ ماسٹر صدیقی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ صدیقی صاحب آپ نے مروادیاہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چھوٹے سیاسی بھائی عمران خان نے اپنے بڑے بھائی ڈاکٹر طاہر القادری کو دعوت دیتے ہوئے کہاکہ آپ ہمارے کنٹینرپر آجائیں یہاں سے آپ ہمارے اور اپنے کارکنوں سے خطاب کرسکتے ہیں جس پر ڈاکٹر طاہر القادری مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی کے ساتھ پی ٹی آئی کے کنٹینر پرگئے تو ان پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے کارکنوں نے بھرپور طور پر استقبال کیا اور پی اے ٹی کی خواتین گارڈ ز نے قادری کے کنٹینر کے بعد عمران خان کے کنٹینر کا حصار بنالیا۔ اس موقع پر عمران خا ن نے طاہر القادری کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور معانقہ کیا اور ڈاکٹر طاہر القادری کے خطاب کے دوران ا ن کے ساتھ سٹیج پر موجود رہے۔ اس موقع پر کنٹینر سے ڈاکٹر رحیق عباسی نے جیوے جیوے طاہر جیوے کے نعرے لگوائے۔