پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفے اس لئے قبول نہیں کئے کہ شاید مفاہمت ہو جائے، سپیکر،ممبران اسمبلی کو بلا کر وضاحت لونگا کہ انہوں نے مرضی سے استعفے دیئے ہیں یا نہیں ؟، مولانا فضل الرحمان کے سوال کا جواب

بدھ 3 ستمبر 2014 09:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3ستمبر۔2014ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے مستعفی ہونے والے اراکین اسمبلی کے استعفے اس لئے قبول نہیں کئے کہ شاید کوئی مفاہمت کا راستہ نکل آئے ، ممبران اسمبلی کو بلا کر وضاحت لونگا کہ انہوں نے مرضی سے استعفے دیئے ہیں یا نہیں ، جو لوگ پارلیمنٹ کوگالیاں دے رہے ہیں یہ ان کی سیاسی تربیت میں کمی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے منگل کے روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اس سوال کے اٹھائے جانے پر کہی کہ انہوں نے اب تک پی ٹی آئی کے مستعفی اراکین کے استعفے اب تک منظور کیوں نہیں کئے گئے۔سپیکر نے کہا کہ حکومت منتظر تھی کہ شاید کوئی مفاہمت کا راستہ نکل آئے تاہم صورتحال تاحال بہتر نہیں ہوئی ہے کوئی بھی فیصلہ کرونگا تو حقائق کی روشنی میں کرونگا ،ممبران اسمبلی کو بلاکر استعفوں کی تصدیق کرونگا اور دباؤ میں دیئے جانے والے استعفے قبول نہیں کئے جائینگے، یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کتنے ممبران اسمبلی نے دباؤ میں استعفے دیئے ہیں ۔