پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر تماشا لگا ہوا ہے ،پارلیمنٹ میڈیا اور سول سوسائٹی اس بات پر متفق ہے کہ ان بلوائیوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ آئین اور جمہوریت کے یہ دشمن ہیں، تیسری قوت کے اشارے کے منتظر ان خانہ بدوشوں کو پارلیمنٹ بدر کیا جائے، پارلیمنٹ اور جمہوریت کے خلاف اٹھنے والے اقدام کا موثر جواب دیا جائے، محمود خان اچکزئی

بدھ 3 ستمبر 2014 08:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3ستمبر۔2014ء) پشتونخواہ عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر تماشا لگا ہوا ہے پارلیمنٹ میڈیا اور سول سوسائٹی اس بات پر متفق ہے کہ ان بلوائیوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ آئین اور جمہوریت کے یہ دشمن ہیں اور تیسری قوت کے اشارے کے منتظر ان خانہ بدوشوں کو پارلیمنٹ بدر کیا جائے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس کے خلاف ایکشن ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

قبائلی علاقوں میں ملک دشمنوں کے خلاف آپریشن ہوا تو پھر ان کے خلاف ایکشن کیوں نہیں ہورہا انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی اور میڈیا سمیت تمام ادارے اس پر متفق ہیں کہ ان کے خلاف ایکشن لیا جائے سانحہ ماڈل تاؤن کی ایف آئی آر بھی درج ہوگئی ہے انہوں نے کہا کہ بارہ مئی کو کراچی میں ہونے والے واقعے کی ایف آئی آر بھی درج نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے پارلیمنٹ اور جمہوریت کے خلاف اٹھنے والے اقدام کا موثر جواب دیا جائے یہ لوگ پاک فوج کو بدنام کررہے ہیں جبکہ افواج پاکستان نے بھی وضاحت کردی ہے کہ وہ ان کی پشت پناہی نہیں کررہے تو اس صورتحال کے بعد ان کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے۔