18سال بعد پاکستان میں میگا ایونٹ منعقد ہورہا ہے، کبڈی ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز لاہور میں ہونگے، عثمان انور،یہ پاکستان کیلئے اعزاز ہے،کبڈی ورلڈ کپ کے 5ویں ایڈیشن کے مردوں اور خواتین کے مقابلوں کی میزبانی لاہور کریگا، 1996ء میں کرکٹ ورلڈ کپ کا سیمی فائنل ہوا تھا، مردوں کے مقابلوں میں 10جبکہ خواتیں کے مقابلوں میں 8ممالک حصہ لیں گے، ورلڈ کبڈی لیگ کے سیمی فائنل اور فائنل بھی لاہور میں ہونگے، ڈی جی سپورٹس پنجاب کی گفتگو

بدھ 3 ستمبر 2014 08:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3ستمبر۔2014ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ کبڈی ورلڈ کپ2014ء کے مردوں و خواتین کے سیمی فائنلز لاہور میں منعقد ہوں گے، کبڈی ورلڈ کپ 5سے 15دسمبر تک ہوگا جبکہ ورلڈ کبڈی لیگ کے سیمی فائنل اور فائنل بھی لاہور میں ہی ہوں گے، یہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی بہت بڑی کامیابی ہے،1996کے بعد اب پاکستان میں میگا ایونٹس منعقد ہورہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ کبڈی ورلڈ کپ2014ء کے 5ویں ایڈیشن کا آغاز 5دسمبر2014ء سے ہوگا جس کے مقابلے 15دسمبر تک جاری رہیں گے، ہمارے لئے خوشی کی بات ہے کہ کبڈی ورلڈ کپ کے مردوں اور خواتین کے سیمی فائنلز لاہور میں ہوں گے، یہ پاکستان کیلئے بھی اعزاز کی بات ہے کہ میگا ایونٹ کی میزبانی اس کے حصہ میں آئی ہے، انہوں نے بتایا کہ بھارتی پنجاب کے ڈپٹی وزیراعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل نے یہ فیصلہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی درخواست پر کیا ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے بتایا کہ کبڈی ورلڈ کپ میں مردوں کے مقابلوں میں 10ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں پاکستان، بھارت، ارجنٹائن، امریکہ، برطانیہ، سکاٹ لینڈ، کینیڈا، سرے لیون، سپین اور ڈنمارک شامل ہیں،جبکہ خواتین کے مقابلوں میں 8ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی، ان میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، کینیا، برطانیہ، ملائیشیا، ڈنمارک اور میکسیکو شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ یہ بات ہمارے لئے باعث افتخار ہے کہ پاکستان میں 18سال بعد میگا ایونٹ منعقد ہورہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ 1996ء میں کرکٹ ورلڈ کپ کا سیمی فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان قذافی سٹیڈیم میں ہوا تھا جس کے بعد کوئی میگا ایونٹ پاکستان میں منعقد نہیں ہوا، اب 18سال بعد پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ کبڈی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور ورلڈ کبڈی لیگ کے سیمی فائنل اور فائنل لاہور میں ہورہے ہیں۔

سپورٹس بورڈ پنجاب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور لاہور لائنز کبڈی ٹیم کے مینجر وقاص اکبر نے بتایا کہ ان کی نئی دلی میں بھارتی پنجاب کے ڈپٹی وزیراعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل سے ملاقات ہوئی جس میں کبڈی ورلڈ کپ کو ڈرگ فری بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس مقصد کیلئے 30لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، ملاقات میں سکھبیر سنگھ بادل نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور کی کبڈی کے کھیل کیلئے خدمات کو سراہا اور کہا کہ عثمان انور کو ورلڈ کبڈی لیگ کی ایگزیکٹو باڈی کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔