”ڈاکٹر طاہر القادری کو ساتھ دینے کی یقین دہانی مجبوری بن گئی“شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک وزیراعظم ہاؤس کی طرف پیشرفت کے ”مجرم“نکلے

پیر 1 ستمبر 2014 08:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1ستمبر۔2014ء) تحریک انصاف کے قائد عمران خان کو وزیراعظم ہاؤس کی جانب مارچ کرنے کا مشورہ سینئر نائب صدر شاہ محمود قریشی اور وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے دیا تھا کیونکہ یہ دونوں ڈاکٹر طاہر القادری کو یقین دہانی کراکے آئے تھے کہ ہم آپ کے ساتھ ہی موو کریں گے۔ تحریک انصاف کے قریبی ذرائع نے خبر رساں ادارے سے سے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کی جانب جانے کا فیصلہ عمران خان کا نہیں تھا بلکہ اس کا مشورہ شاہ محمود قریشی نے دیا تھا اور صدر مخدوم جاوید ہاشمی چونکہ شاہ محمود قریشی کے مشوروں کی ہمیشہ سے مخالفت کرتے آئے ہیں اس لئے انہوں نے مخالفت کی ۔

ذرائع نے خبر رساں ادارے کو مزید بتایا کہ آگے جانے سے اختلاف کی بنیادی وجہ شاہ محمود قریشی اور مخدوم جاوید ہاشمی کے درمیان اختلافات ہیں جو جاوید ہاشمی کی نواز لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت کے وقت سے تھے جس کی وجہ سے شاہ محمود قریشی کی کوشش کی تھی کہ وہ عمران خان کا زیادہ سے زیادہ قرب حاصل کریں جبکہ مخدوم جاوید ہاشمی درویش منش ہونے کی وجہ سے اس کو نظر انداز کرتے رہے

مگر گزشتہ روز جب آگے جانے کے حوالے سے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا مختصر وقت کا ا جلاس ہوا تو شاہ محمود قریشی نے آگے جانے پر نہ صرف اصرار کیا بلکہ یہ بھی بتلا دیا کہ انہوں نے اس بات پر ڈاکٹر طاہر القادری کو بھی قائل کرلیا ہے لہذا اس پر عمل کیا جائے اس کے بعد عمران خان اور دیگر ساتھیوں کی جانب سے اس بات کو سوائے ماننے کے اور کوئی چارہ نہ تھا تاہم جاوید ہاشمی نے اس کی پرزور مخالفت کی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید ہاشمی کا طاہر القادری سے ماضی میں پیدا ہونے والا اختلاف قائم ہونے کی وجہ سے بھی ان کے ساتھ آگے جانے کو تیار نہ تھے ۔