لوگ اپنا حق مانگنے نکلے ہیں لیکن حکومت نے پولیس کو اپنا گلو بٹ بنادیا ہے،پرویز خٹک،قوم جاگ گئی ہے چوہدری نثار کو یہ سب بہت مہنگا پڑے گا، ایسے حکمرانوں پر لعنت بھیجتے ہیں جو نہتے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کرتے ہیں،میڈیا سے گفتگو

پیر 1 ستمبر 2014 08:09

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1ستمبر۔2014ء ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کہتے ہیں کہ اقتدار کے ایوانوں پر بیٹھے ہوئے لوگوں نے ملک کے عوام کا مینڈیٹ چرایا ہے، لوگ اپنا حق مانگنے نکلے ہیں لیکن حکومت نے پولیس کو بھی اپنا گلو بٹ بنادیا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ پر امن احتجاج ہمارا حق ہے۔

تحریک انصاف کے کارکن گزشتہ 17 روز سے پر امن احتجاج کررہے تھے، حکمران سپریم کورٹ سے زیادہ طاقتور نہیں جس نے ہمیں سپریم کورٹ نے احتجاج کرنے کی اجازت دی ہے، سپریم کورٹ نے پاکستان عوامی تحریک کو صرف ایک سڑک کا کچھ حصہ خالی کرنے کو کہا تھا۔ کارکن اس شاہراہ پر آنا چاہتے تھے جو قوم کی ملکیت ہے کسی کی جاگیر نہیں۔

(جاری ہے)

کارکن کسی عمارت میں داخل ہونے نہیں آرہے تھے لیکن پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ کی۔

ایسی صورت میں وہ پارلیمنٹ ہاوٴس نہ جاتے تو وہ کہاں جاتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاک فوج کو بدنام کیا ہے۔ جھوٹ بول کر انہیں بلایا پھر انہیں شرمندہ کیا۔

ان لوگوں نے لاہور میں پولیس کو قاتل بنایا اور یہاں بھی اس کے ساتھ وہی کچھ کررہے ہیں، وہ چوہدری نثار کو بھی کہتے ہیں کہ جو کچھ یہاں ہوا ہے اس سے وہ نہیں بچ سکیں گے۔پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اقتدار کے ایوانوں پر بیٹھے ہوئے لوگوں نے ملک کے عوام کا مینڈیٹ چرایا ہے۔

یہ لوگ دھاندلی سے برسراقتدار آئے ہیں۔ وہ ایسے حکمرانوں پر لعنت بھیجتے ہیں جو نہتے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کرتے ہیں، انہوں نے پولیس کو گلو بٹ بنادیا ہے۔ وہ پاکستان کے عوام سے بالعموم اور خیبر پختونخوا کے عوام سے بالخصوص اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملک کو لوٹنے والے ان چوروں، ڈاکوووٴں اور لٹیروں سے جان چھڑانے کے لئے گھروں سے نکلیں۔