بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر شرجیل انعام میمن کے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطہ ،سندھ حکومت سندھ بھر میں تحریک انصاف کے تحت احتجاجی دھرنوں اور مظاہروں کو مکمل سہولیات فراہم کرے گی‘شرجیل انعام میمن

پیر 1 ستمبر 2014 08:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1ستمبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات اور پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں ڈاکٹر عارف علوی، نادر اکمل لغاری، ارکان سندھ اسمبلی ثمر علی خان اور ڈاکٹر سیما ضیا سے رابطہ کیا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ سندھ حکومت سندھ بھر میں تحریک انصاف کے تحت احتجاجی دھرنوں اور مظاہروں کو مکمل سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج اور دھرنے جمہوریت کا حسن ہیں۔ شرجیل میمن نے ان رہنماؤں کو اس بات کی بھی یقین دہانی کروائی ہے کہ سندھ پولیس پرامن مظاہرین کو مکمل سیکورٹی فراہم کرے گی اور دھرنوں اور احتجاج کرنے والوں کو درکار تمام سہولیات کی فراہمی کو ہر ممکن طور پر یقین دہانی کروائی ہے۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے ان رہنماؤں سے رابطے میں اس بات کی بھی یقین دہانی کروائی ہے کہ سندھ بھر میں اگر کوئی بھی ان کا کارکن کرفتار کیا گیا ہے تو سندھ حکومت ان کو فوری طور پر رہا کرے گی۔انہوں نے ان رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی سندھ بھر میں مظاہروں اور دھرنوں کو پرامن رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں اور مظاہرین کو پرامن رہنے کی تلقین کریں۔ شرجیل انعام میمن نے ان رہنماؤں سے بات چیت کے دوران اسلام آباد میں کارکنوں پر ہونے والے وحشیانہ تشدد اور زخمی ہونے والے کارکنوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔