صحافیوں پر تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہیں ، ذمہ دار پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی ، احسن اقبال ،تحریک انصاف کیساتھ بات چیت کو آگے بڑھانے کیلئے بیک ڈور چینل استعمال کررہے ہیں،صورتحال کا جلداز جلد حل چاہتے ہیں ،چین کے وزیراعظم کا دورہ دھرنوں کی وجہ سے مشکل دکھائی دے رہا ہے،میڈیا سے گفتگو

پیر 1 ستمبر 2014 08:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ صحافیوں پر تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہیں‘ وزیراعظم نے صحافیوں پر تشدد کے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے‘ تحریک انصاف کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم صورتحال کا جلداز جلد حل چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم ترین دورہ ہونے جارہا ہے جس میں چین کے وزیراعظم پاکستان کا دورہ کریں گے جوکہ دھرنوں کی وجہ سے مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ تحریک انصاف کیساتھ بات چیت کو آگے بڑھانے کیلئے بیک ڈور چینل استعمال کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محض الزامات سے وزیراعظم کا استعفیٰ مناسب بات نہیں۔

عمران خان جب وزیراعظم ہاؤس کی طرف پیش قدمی کی تو جاوید ہاشمی ناراض ہوگئے کیونکہ جاوید ہاشمی جمہوریت پر یقین رکھنے والے سیاسی ورکر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے والوں نے لشکرکشی کی سیاست کی ہے اور خواتین اور بچوں کو ڈھال بناکر استعمال کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے میڈیا پر ہونے والے تشدد کا ازخود نوٹس لیا ہے اور ان پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا حکم دیں گے جو اس میں ملوث پائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین اس سازش کا حصہ نہ بنیں کہ وزیراعظم چین پاکستان آسکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جلد دوبارہ شروع کیا جائے گا اور جمہوری عمل کو آگے بڑھایا جائے گا