محکمہ داخلہ نے اسلام آباد جھڑپوں کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی،مظاہرین نے بغیر اطلاع دیئے وزیراعظم ہاوٴس کی جانب مارچ شروع کیا، ریڈ لائن عبو ر کرنے پر آ پر یشن کیا ،سارے آپریشن کی نگرانی ہیلی کاپٹر کے ذریعے سے کی جارہی ہے، محکمہ داخلہ

پیر 1 ستمبر 2014 08:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1ستمبر۔2014ء)محکمہ داخلہ نے وفاقی دارالحکومت میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم نواز شریف کو پیش کر دی ہے۔ ذرا ئع کے مطابق محکمہ داخلہ نے گزشتہ روز اسلام آباد میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جس میں بتایا گیا ہے کہ مظاہرین نے بغیر اطلاع دیئے وزیراعظم ہاوٴس کی جانب مارچ شروع کیا بعدازاں مظاہرین نے ایوان صدر کا دروازہ توڑنے کی کوشش کی جنھیں لاوٴڈ اسپیکر پر اعلان کرکے بتایا گیا کہ یہ ریڈ زون کے اندر وہ ریڈ لائن ہے جس سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی لیکن اس کے باوجود مظاہرین کی جانب سے کٹر کی مدد سے تاریں کاٹنے کی کوشش کی گئی اور دیگر اوزار استعمال کئے گئے جس پر پولیس نے پہلے ہوائی فائرنگ کی اور اس کے بعد جب مظاہرین نے سکیورٹی اہلکاروں پر پتھراوٴ شروع کیا تو پھر آنسو گیس کے ذریعے انھیں منتشر کرنے کی کوشش کی گئی جس کی وجہ سے یہ سارا معاملہ شروع ہوا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف کو بتایا گیا کہ ایوان صدر اور وزیراعظم ہاوٴس پر حملہ کرنے والے 85 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا، اس کے علاوہ مظاہرین سے آہنی راڈیں، ہتھوڑے، غلیلیں، ڈنڈے اور دیگر سامان بھی اپنے قبضے میں لیا گیا۔رپورٹ میں 2 افراد کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی گئی اور بتایا گیا کہ 185 کے قریب زخمیوں کو پولی کلینک اور تقریبا 242 افراد کو اسلام آباد کے پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم کو یہ بھی بتایا گیا کہ سارے آپریشن کی نگرانی ہیلی کاپٹر کے ذریعے سے کی جارہی ہے اور ان مظاہرین پر قابو پانے کے لئے بکتر بند گاڑیوں کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے جب کہ پولیس، رینجرز، ایف سی اور پاک فوج کے دستے اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دینے موقع ہر پر موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :