نواز شریف کے سخت ترین مخالف ہیں مگر اس صورتحال میں انہیں مشورہ ہے اب ڈٹ جائیں،کسی صورت استعفی ٰنہ دیں، اعتزاز احسن

اتوار 31 اگست 2014 09:15

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اگست۔2014ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی راہنما و سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وہ نواز شریف کے سخت ترین مخالف ہیں مگر موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ان کا وزیر اعظم کے لئے مشورہ ہے کہ اب وہ ڈٹ جائیں اور کسی صورت استعفی نہ دیں۔اس امرکا اظہار انہوں نے ہفتہ کی شب تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی جانب سے وزیر اعظم ہاوٴس کی جانب سے پیش قدمی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ نواز شریف کے سب سے بڑے ناقد اور مخالف ہیں مگر دونوں جماعتوں(تحریک انصاف اور عوامی تحریک ) کی طرف سے حکومتی کی مصلحت و مذاکرات اور جمہوریت پسندی کی کوشش کو پاوٴں تلے روند کر ریاست پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی اور جان بوجھ کر حالات اس قدر خراب کیے کہ غیر یقینی صورتحال پیدا ہوجائے۔ انہوں نے اپنے بیان میں نواز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ اب وقت آگیا کہ وہ ڈٹ جائیں اور کسی بھی قسم کے ایسے غیر آئینی و غیر قانونی مطالبے کو ہر گز نہ مانیں۔