اسلام آباد میں سیاسی تھیٹر سے پاکستان پر بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد خراب ہوا ہے جسے بحال کرنے میں حکومت کو ایک عرصہ د رکار ہوگا، خرم دستگیر خان ، عمران خان مسلم لیگ ن کی قیادت بارے ٹیکس نہ دینے کی فرضی کہانیاں پھیلاتے تھے آج پوری قوم کو سول نافرمانی اور ٹیکس ادا نہ کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں جس سے ملک کا بے تحاشہ نقصان ہو رہا ہے،چند ہزار کا مجمع اکٹھا کر کے وزیر اعظم کو استعفے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا ،جائز مطالبات تسلیم کر لینے کے باوجود دھرنے والوں کی ضد اور ہٹ دھرمی سے ثابت ہو گیا دھرنے والوں کا مقصد انتخابی اصلاحات نہیں بلکہ منتخب حکومت کو گرانا تھا، بیان

اتوار 31 اگست 2014 09:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اگست۔2014ء)وفاقی وزیرتجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں لگے سیاسی تھیٹر کی وجہ سے پاکستان پر بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد خراب ہوا ہے جسے بحال کرنے میں حکومت کو ایک عرصہ د رکار ہوگا، تحریک انصاف کے سربراہ جو مسلم لیگ ن کی قیادت کے بارے میں ٹیکس نہ دینے کی فرضی کہانیاں پھیلاتے تھے آج پوری قوم کو سول نافرمانی اور ٹیکس ادا نہ کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں جس سے ملک کا بے تحاشہ نقصان ہو رہا ہے،چند ہزار کا مجمع اکٹھا کر کے وزیر اعظم کو استعفے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا ،جائز مطالبات تسلیم کر لینے کے باوجود دھرنے والوں کی ضد اور ہٹ دھرمی سے ثابت ہو گیا کہ دھرنے والوں کا مقصد انتخابی اصلاحات نہیں بلکہ منتخب حکومت کو گرانا تھا، معاشی استحکام کے لئے کی جانے والی 14 ما ہ کی حکومتی کاوشوں کو دھرنا سیاست نے 14دن میں شدید نقصان پہنچادیاہے،ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ملکی قرضوں میں 350ارب کا اضافہ ہوچکا،سٹاک مارکیٹ میں 450ارب روپے ڈوب گئے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی ان تھک محنت کی وجہ سے ملکی معیشت کے تمام اعشاریے مثبت جا رہے تھے بین الاقوامی اداروں کی ہماری معیشت کے بارے میں مثبت رپورٹس آرہی تھیں اور دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کی توجہ ہمارے ملک کی طرف مبذول ہو چکی تھی،پاکستان کو یورپی ممالک میں جی ایس پی پلس سٹیٹس ملنے کے بعد 6ماہ میں برآمدات نمایاں طور پر بڑھیں ملک میں سرمایہ کاری کے رجحان میں خاطر خواہ اضافہ ہوا پچھلے برس حکومت کی کوشش سے تجارتی خسارے میں بھی کمی آئی اورپاکستان خوشحالی کی جانب گامزن ہو گیا تھا

لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ہوس اقتدار میں مبتلا ایک گروہ سے حکومت کی یہ کامیابیاں ہضم نہیں ہو سکیں اور وہ ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن کر حائل ہو گیاعوام نے دیکھ لیا کہ تحریک انصاف کے سربراہ جو مسلم لیگ ن کی قیادت کے بارے میں ٹیکس نہ دینے کی فرضی کہانیاں پھیلاتے تھے آج پوری قوم کو سول نافرمانی اور ٹیکس ادا نہ کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں جس سے ملک کا بے تحاشہ نقصان ہو رہا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں جاری دھرنا سیاست سے ملک میں جاری توانائی کے منصوبوں کی تکمیل میں شدید رکاوٹ کھڑی ہوگئی ہے اور دھرنے دینے والے اقتدار کی ہوس کو پورا کرنے کے لئے پاکستان کے معاشی مستقبل اور ہماری آنے والی نسلوں کی خوشحالی کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں،وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی اب بھی کوشش ہے کہ دھرنا دینے والوں کے ساتھ تما م معاملات خوش اسلوبی سے طے پا جائیں اور دھرنے کے شرکا ء کسی قسم کے نقصان کا سامناکئے بغیرصحیح سلامت اپنے گھروں کو واپس جائیں۔