جمہوریت کیخلاف کسی قسم کی بات برداشت نہیں کریں گے‘ پوری قوم کا مینڈیٹ لینے والی جماعتیں یرغمال نہیں بن سکتیں‘ نواز شریف،ہیجانی کیفیت ہے چند روز میں ختم ہوجائے گی‘ ایسے مطالبات کئے جارہے ہیں جو میرے اختیار میں بھی نہیں‘ جلد ہی ساری چیزیں سامنے آجائیں گی‘ دھرنے والوں نے قوم کی خوشحالی کے سفر میں خلل ڈالا،میڈیا سے گفتگو

اتوار 31 اگست 2014 09:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اگست۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت کیخلاف کسی قسم کی بات برداشت نہیں کریں گے‘ پوری قوم کا مینڈیٹ لینے والی جماعتیں یرغمال نہیں بن سکتیں‘ یہ ایک ہیجانی کیفیت ہے چند روز میں ختم ہوجائے گی‘ ایسے مطالبات کئے جارہے ہیں جو میرے اختیار میں بھی نہیں‘ جلد ہی ساری چیزیں سامنے آجائیں گی‘ دھرنے والوں نے قوم کی خوشحالی کے سفر میں خلل ڈالا۔

ہفتہ کو لاہور میں سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی کی ہمشیرہ کے انتقال پر ان سے تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت کیخلاف کسی قسم کے اقدامات برداشت نہیں کریں گے۔ ڈی چوک میں چند ہزار لوگ آکر غیر آئینی مطالبات پیش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

چند ہزار لوگ کروڑوں لوگوں کا مینڈیٹ لینے والی جماعتوں کو یرغمال نہیں بناسکتے اور نہ ہی بننے دیں گے۔

یہ ایک چھوٹا سا طوفان ہے۔ یہ ایک ہیجانی کیفیت ہے جوکہ چند روز میں ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی اصلاحات سے متعلق مطالبات ہم نے مان لئے اور کمیشن کیلئے سپریم کورٹ کو درخواست بھی دے دی۔ سپریم کورٹ کا کمیشن اس کا فیصلہ کرے گا اور ساری چیزیں سامنے آجائیں گی۔ کمیشن کے فیصلے کا ہم سب احترام کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دکھ اس بات کا ہے کہ ان دھرنوں کے باعث پاکستان کی ترقی کے سفر کو کافی نقصان پہنچا ہے اور یہ نقصان بھی جلد پورا ہوجائے گا اور تیزی سے ترقی کی طرف چل نکلیں گے۔

انہیں احساس کرنا چاہئے تھا کہ انہوں نے قوم کی ترقی کے سفر میں خلل ڈالا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے مطالبات کئے جارہے ہیں جو میرے اختیارات میں بھی نہیں۔ اسمبلیوں کی تحلیل اور میرا استعفیٰ یہ سارے مطالبات غیر آئینی ہیں۔ قومی اسمبلی کی قرارداد ہے کہ جمہوریت کیخلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کیساتھ بنی گالہ میں کھل کر باتیں ہوئیں اس کے بعد اچانک کیا ہوگیا۔

ممکن ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان کو دھرنے کا خواب ایک ہی رات میں آیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ خالی کرسیوں کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ہے۔ دھرنوں کے باعث مالدیپ اور سری لنکا کے صدور نے دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے اور اب چین کے صدر توانائی کے منصوبوں کا افتتاح کرنے کیلئے آرہے ہیں لیکن ان کے دورے میں بھی رکاوٹ پڑسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :