پاکستان بھارت کے صبر کا امتحان لے رہا ہے‘ راجناتھ سنگھ،سرحدوں کو جھنڈے لہرانے کی بجائے گولی کاجواب گولی سے دینے کا وقت آگیا ہے‘ صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 30 اگست 2014 07:14

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اگست۔2014ء) بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے صبر کا امتحان لے رہا ہے‘ سرحدوں پر تعینات فورسز کو احکامات جاری کردئیے گئے کہ گولہ باری کے دوران کسی بھی صورت میں سفید جھنڈوں کو نہ لہرایا جائے بلکہ گولی کا جواب گولی سے دیا جائے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لکھنو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات بی ایس ایف اہلکاروں کو احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ پاکستانی رینجرز کی جانب سے گولہ باری کرنے کے دران سفید جھنڈوں کو لہرانے کی کوشش نہ کی جائے بلکہ گولی کا جواب اب گولی سے دینے کا وقت آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی رینجرز گولہ باری کے دوران مجاہدین کو اس طرف دھکیل رہے ہیں اور گذشتہ ایک ہفتے سے گولہ باری شروع ہونے کیساتھ ساتھ بی ایس ایف اہلکاروں نے 16 مرتبہ سفید جھنڈے لہراکر سرحدوں پر امن و امان بحال کرنے کا پاکستانی رینجرز پر زور دیا تاہم پاکستان بھارت کے صبر کا امتحان لے رہا ہے۔

(جاری ہے)

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کی آبادکاری کے ضمن میں مرکزی حکومت کی جانب سے پیکیج کا اعلان کیا گیا اور 5 ستمبر کو ریاست کے دورں کے دوران کشمیری پنڈتوں کو خوشخبری سنائی جائے گی۔

۔ پرویز مشرف کی جانب سے بھارت کو دھمکی دینے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے سابق صدر کی دھمکیوں سے بھارت مرعوب ہونے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کیخلاف درپرہ جنگ شروع کررکھی ہے اور پاکستان کو آخری بار متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ باز آجائے۔ جس دن بھارت کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا تو پاکستان کو پیچھے ہٹنے کا موقع بھی فراہم نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :