ججزنظربندی کیس میں پرویز مشرف کو 19 ستمبرکو عدا لت میں پیش ہونے کا حکم،عدم پیشی پر ملزم پرویز مشرف اور ان کے ضامنوں کے خلاف کارروائی کی جائے، وکیل استغاثہ

ہفتہ 30 اگست 2014 07:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اگست۔2014ء) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ججز نظربندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو ایک روز کا استثنیٰ دیتے ہوئے انہیں 19 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جمعہ کو سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف ججز نظر بندی کیس کی سماعت ہوئی تاہم عدالتی حکم کے باوجود سابق صدر پیش نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

عدالت کے استفسار پر پرویز مشرف کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل عدالت آنا چاہتے ہیں اس لئے انہیں مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے،

جس پر وکیل استغاثہ عامر ندیم تابش نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد نے چند ماہ قبل ملزم کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ عدالت میں عدم پیشی پر ملزم پرویز مشرف اور ان کے ضامنوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

سماعت کے دوران پولیس نے ملزم کو سیکیورٹی کی فراہمی پر پولیس کا جواب عدالت میں جمع کردیا، جس میں کہا گیا تھا کہ وفاقی دارالحکومت کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پرویز مشرف کوعدالت میں پیش نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت نے پولیس کے جواب پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سابق صدر کو ایک روز کے لئے حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے انہیں 19 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

متعلقہ عنوان :