اگر اقتدار بھی چلا جائے تو غیر آئینی بات پر سمجھوتہ نہیں کرونگا ،وزیراعظم نواز شریف ،حکومت کی جانب سے پاک فوج کو ثالث یا ضامن بنانے کیلئے کوئی درخواست نہیں دی حکومت انکوائری کرے گی کس چینل پر اور کیسے بات ہوئی اور کیوں غلط فہمیاں پیدا کی گئیں،پارلیمانی لیڈرز اجلاس میں گفتگو

ہفتہ 30 اگست 2014 07:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اگست۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر اقتدار بھی چلا جائے تو غیر آئینی بات پر سمجھوتہ نہیں کرونگا ، آرمی کو ثالث اور ضامن قرار دینے سے حکومت پر آئے الزامات کی تحقیقات کروائی جائے گی کہ غلط فہمیاں کیوں پیدا ہوئیں اور کس نے پیدا کیں ۔ جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس ہوا اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی زاہد حامد ، سید خورشید شاہ ، محمود خان اچکزئی ، آفتاب احمد خان شیر پاؤ ، طارق اللہ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ وزیراعظم نے پارلیمانی لیڈرز کو بریفنگ دی

جس میں انہوں نے بتایا کہ حکومت نے فوج کو ضامن بنانے اور ثالثی کیلئے نہیں کہا یہ درخواست عمران خان اور طاہر القادری نے کی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو آرمی چیف کا فون آیا کہ طاہر القادری اور عمران خان ثالثی کیلئے کہہ رہے ہیں جس پر انہیں ثالثی کی اجازت دی گئی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پاک فوج کو ثالث یا ضامن بنانے کیلئے کوئی درخواست نہیں دی حکومت انکوائری کرے گی کس چینل پر اور کیسے بات ہوئی اور کیوں غلط فہمیاں پیدا کی گئیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ آرمی چیف قانون و آئین کے تحت اپنا فرض نبھا رہے ہیں آرٹیکل 245کے تحت پاک فوج کو جو ذمہ داری دی گئی ہے وہ اس پر عمل پیرا ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اس لئے وضاحت کررہا ہوں تاکہ آپ و شک و شبہ نہ کریں اگر اقتدار جاتا ہے تو چلا جائے کسی بھی غیر آئینی بات پر سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔