لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کو کام سے روکنے سے متعلق دائر درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیدیا، افضل خان یا کسی اور کے بیان پر الیکشن کالعدم یا دوبارہ نہیں ہوسکتے،لاہور ہائیکورٹ

جمعہ 29 اگست 2014 06:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29 اگست۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کو کام سے روکنے سے متعلق دائر درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے الیکشن2013ء کو کالعدم اور وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کو کام سے روکنے سے متعلق دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن افصل خان کے بیان کے بعد عام انتخابات 2013ء مشکوک ہوگئے ہیں۔

عدالت افضل خان کو طلب کرکے ان کا بیان ریکارڈ کرے۔ اس وقت کے چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم کی تعیناتی اور عام ا نتخا بات کو کالعدم قرار دے کر نئے الیکشن کرائے جائیں جبکہ وزیراعظم اور وزیراعلی کو کام سے روکا جائے جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ افضل خان یا کسی اور کے بیان پر الیکشن کالعدم یا دوبارہ نہیں ہوسکتے لہٰذ درخواست ناقابل سماعت قرار دی جاتی ہے۔