وزیر اعلیٰ پنجاب چین کے دورے سے وطن واپس پہنچ گئے،وزیراعلیٰ پنجاب کا استعفیٰ تیار کرنے کی خبرو ں میں کوئی صداقت نہیں ،ترجمان وزیراعلیٰ

جمعرات 28 اگست 2014 08:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اگست۔2014ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف چین کے دورے سے وطن واپس پہنچ گئے ۔وزیرا علیٰ شہباز شریف نے اپنے دورہ کے دوران مختلف معاہدوں کے علاوہ چین کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی وطن واپسی کے بعد پارٹی قیادت اور وفاقی وزراء سے رابطے بھی ہوئے جس میں ہائیکورٹ کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ایڈیشنل سیشن جج کے مقدمے کے اندراج کے حکم کو بر قرار رکھنے ‘ اسلام آباد میں جاری دھرنوں کے بعد کی صورتحال اور مذاکراتی عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ادھروزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا استعفیٰ تیار کر لیا گیاہے -وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان نے کہاکہ وزیراعلیٰ کے استعفیٰ تیارکرنے کے حوالے سے نشر کی جانے والی خبر وں میں کوئی صداقت نہیں اور میڈیا پر نشر ہونے والی خبریں درست نہیں ہیں-